کے فور منصوبہ کو کرپشن و سیاست کی نظر ہونے سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

حکومتی غفلت، کرپشن اور بر وقت منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت شہر قائد کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، امیر جماعت اسلامی سندھ کا بیان

جمعرات 15 فروری 2018 22:14

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پانی کے کے فور منصوبہ کو کرپشن و سیاست کی نظر کرنے کی بجائے بر وقت پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کرپشن فری اور سنجیدہ اقدامات کئے جائیں تا کہ شہریوں کا زندگی کی بنیادی ضرورت کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔

انہوں نے جمعر ات کو ایک بیان میں کہا کہ حکومتی غفلت، کرپشن اور بر وقت منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت شہر قائد کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں،موسم گرما میں تو یہ مسئلہ ایک بحران کی شکل اختیارکرجاتا ہے۔کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبہ کے فور کی تاخیر سے عوام اذیت سے دوچار ہیں۔ آبادی میں مسلسل اضافہ اور سندھ کے باقی اضلاع و ملک کے دیگر حصوں میں روزگار کے سلسلے میں آکر بسنے والوں خاندانوںمیں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اسلئے جہاں زندگی کی دیگر ضرورت ہیں وہاں پر پینے کے پانی کا مسئلہ بھی سنگین ہوتا جارہا ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق دو کروڑ کی آبادی میں 50 لاکھ سے زائد لوگ اس وقت بھی پانی کی نعمت سے محروم ہیں جبکہ 40 فیصد پانی چوری کر کے مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے۔ واٹر بورڈ کے عملے کی غفلت کی وجہ سے بھی پانی بہت ضائع ہوتا ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹینکر مافیا کے ذریعے پانی چوری کی روک تھام اور کے فور منصوبہ کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرے۔