حکمران طبقہ جھوٹ و منافقت کی سیاست کے ذریعے عوام کو دھوکا دے رہا ہے، ناقص حکومتی پالیسیوں سے ملک میں غربت ، مہنگائی و بے روزگاری نے ملک میں مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں، ہدایت الرحمان بلوچ

جمعرات 15 فروری 2018 22:10

کو ئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ حکمران طبقہ جھوٹ و منافقت کی سیاست کے ذریعے عوام کوباربار دھوکا دے رہا ہے،حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں غربت ، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ ہمارے حکمران عوام کی خدمت کی بجائے ان کا استحصال کر رہے ہیں،بلوچستان غریب نہیں ،انہیں حکمرانوں نے لوٹ مار کیلئے غریب بنادیا ہے ،آج بھی کرپشن ختم ہوجائیں تو بلوچستان کے عوام کی حالت ضرور بدلیگی ،جماعت اسلامی عدل وانصاف کے اسلامی حکومت کے قیام کیلئے کوشاں ہیں ۔

گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام 2018ء کے انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے کرپٹ ،موروثی اور استحصالی نظام کا احتساب کریںگے،کارکنان عوام کو ووٹ کی اہمیت کے بارے میں شعور دینے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریں، فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دے کر متوسط طبقات کی محرومیوں کو دور کیا جا سکتا ہے ،موجودہ جمہوری نظام نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے بے شمار مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آٹا ، چینی اور دال سے لے کر بجلی اور گیس تک ٹیکسز کی بھر مار نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا رکھا ہے، آئندہ انتخابات میں ملکی مفادات کے خلاف اور اداروں کو کمزور کرنے والی سیاسی قوتیں عوام کے سامنے جوابدہی کے لیے تیار ہو جائیں، عوام اس استحصالی اور جبرکے نظام کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنے کیلئے تیار ہیںاور اب ملک میں عوامی خدمت کے نام پر منفی سیاست کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :