سی پیک چین ،جنوب مشرقی اور وسطی ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا، احسن اقبال

بیلٹ اینڈ روڈ سے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں، توانائی منصوبوں سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملی ، پاکستان میں مختلف منڈیوں کے درمیان روابط کو فروغ مل رہا ہے، سی پیک سے خطے کی تقریبا تین ارب آبادی مستفید ہو گی، اس سے امن و استحکام کو فروغ ملے گا وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی چینی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 15 فروری 2018 21:49

سی پیک چین ،جنوب مشرقی اور وسطی ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کرے ..
لندن/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ سے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں، توانائی منصوبوں سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملی ، پاکستان میں مختلف منڈیوں کے درمیان روابط کو فروغ مل رہا ہے، سی پیک چین ،جنوب مشرقی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا، اس سے خطے کی تقریبا تین ارب آبادی مستفید ہو گی، اس سے امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔

چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے لندن میں چینی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون کی بدولت بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت پاکستان میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا سب سے بڑا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک سے عکاسی ہوتی ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو صرف تقاریر یا کاغذ تک محدود نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان پر نمایاں اثرات مرتب ہوئے ہیں ، توانائی کے منصوبوں کی بدولت توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملی ہے جبکہ بنیادی تنصیبات کے منصوبوں کے تحت پاکستان میں مختلف منڈیوں کے درمیان روابط کو فروغ مل رہا ہے۔پاکستانی وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی پیک چین ،جنوب مشرقی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا جس سے خطے کی تقریبا تین ارب آبادی مستفید ہو گی ۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ معاشی سرمایہ کاری کے باعث روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔