ختم نبوت ؐبل کی متفقہ منظوری کو تاریخی اور باعث خیر و برکت قدم ، قومی امنگوں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے زبردست خیرمقدم کرتا ہے،جماعت اسلامی کی قرارداد

جمعرات 15 فروری 2018 21:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کی مرکزی مجلس شورٰی کے اجلاس میںقرارداد جس میں لکھا گیا ہے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس میں ختم نبوت ؐبل کی متفقہ منظوری کو تاریخی اور باعث خیر و برکت قدم اور قومی امنگوں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے زبردست خیرمقدم کرتا ہے اور بل کے محرکین اور جملہ ممبران اسمبلی اور کونسل کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہے ، اس امید کا ا ظہار کرتا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت اور توہین رسالت کے حوالے سے بھی مؤثر قانون سازی کا اہتمام کیا جائے گا۔

یہ اجلاس آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر ریاست جموں وکشمیر کو با اختیار اور با وسائل بنانے کے حوالے سے آزاد حکومت اور سیاسی جماعتوں کی مشترکہ اور متفقہ سفارشات پر مبنی ایکٹ74 میں مجوزہ ترمیمی بل کی منظوری میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بلا جواز اور نامناسب قرار دیتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت پاکستان مجوزہ ترامیم ایکٹ 1974 کا حصہ بنانے کے لئے اپنی ذمہ داری جلد از جلد پوری کرے اور غیر ضروری تا خیر نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آزاد جموں و کشمیر کے حالات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی نظام کا مؤثر ماڈل تیار اور رائج کیا جائے اور عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے بلدیات کے انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے۔ اجلاس کی پختہ رائے ہے کہ نچلی سطح پر عوام کو با اختیار بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی انتخابات ناگزیر ہیں۔

اجلاس اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ پراپرٹی اور دہرے ٹیکس کا معاملہ عوام میں تشویش اور احتجاج کا سبب بنا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ گلگت بلتستان کی طرح آزاد جموں و کشمیر سے بھی ٹیکس کے نفاذکا فیصلہ واپس لیا جائے۔یہ اجلاس پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے صرف آزادجموں و کشمیر میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھے جانے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور اسے بلا جواز اور نا انصافی قرار دیتے ہوئے فوری خاتمے اور آئندہ کے لئے آزادکشمیر کو لوڈشیڈنگ فری علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

یہ اجلاس ہائیڈرل پاور پراجیکٹس کی پیشرفت اور تکمیل کو قابل تحسین قرار دیتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کے رائیلٹی کے معاملات کو منصفانہ بنیادوں پر یکسو کیا جائے۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ آزاد جموں کشمیر کے بنیادی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مقامی آمدن میں اضافہ کیا جائے اور علاقہ کی معدنیات،جنگلات، سیاحت اور ماحولیات کے فروغ اور بہتری کے لئے بہترین منصوبندی اور اقدامات کئے جائیں۔

یہ اجلاس سیز فائر لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان کی بلا اشتعال اور مسلسل فائرنگ پر تشویش کا اظہار کرتا ہے کہ اس کا موئثر جواب دینے کے ساتھ ہندوستانی جارحانہ عزائم کو بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کیا جائے۔ فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے ورثا اور زخمی ہونے والے افراد کو خاطر خواہ معاوضہ دیا جائے مال و جائیداد کے نقصانات کا ازالہ اور متاثرین کی بحالی کے فوری اقدامات کئے جائیں،یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو سوئی گیس کی فراہمی اور دیگر اعلانات پر عملدرآمد کا پرزور مطالبہ کرتا ہے، یہ اجلاس آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی توجہ اس امر کی طرف مبذول کرانا چاہتاہے کہ آزاد خطہ میں سرکاری تعلیمی اداروں میں ذریعہ تعلیم اردو ہے جبکہ این ٹی ایس کا امتحان انگریزی میں لیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بہت باصلاحیت نوجوان مطلوبہ نتائج نہیں دے سکتے۔

اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی امتحانات لئے جانے کی سہولت کا اہتمام کیا جائے،یہ اجلاس اے جے کے ٹی وی سمیت جملہ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کے مطالبات پر ہمدردانہ غور اور حل کا مطالبہ کرتا ہے، اجلاس جہلم ویلی کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس کی جانب سے پروفیسر جمیل پر حملے اور بہیمانہ تشدد پر انتہائی افسوس اور غم و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے اختیارات سے تجاوز بے لگامی اور خود سری قرار دینے کے ساتھ استاد جیسے قابل عزت منصب کی بے توقیر ی اور گڈ گورنس کے دعووں پر دھبہ قرار دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف عدالتی تحقیقات، مقدمہ کے اندراج اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :