کراچی، سپریم کورٹ کے احکامات پر بلدیاتی انتخابات ہوئے ہیں،وسیم اختر

سپریم کورٹ ہی اختیارات دلوائے ، آئین کی شق نمبر 140-A کے تحت سپریم کورٹ کو درخواست دے رکھی ہے، ایشوز روز کھڑے کئے جا رہے ہیں، پہلے پارٹی میں فیصلے کہیں اور ہوتے تھے اب ہم خود پارٹی چلا رہے ہیں، میئر کراچی

جمعرات 15 فروری 2018 20:39

کراچی، سپریم کورٹ کے احکامات پر بلدیاتی انتخابات ہوئے ہیں،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر بلدیاتی انتخابات ہوئے ہیں ، سپریم کورٹ ہی اختیارات دلوائے ، آئین کی شق نمبر 140-A کے تحت سپریم کورٹ کو درخواست دے رکھی ہے، ایشوز روز کھڑے کئے جا رہے ہیں، پہلے پارٹی میں فیصلے کہیں اور ہوتے تھے اب ہم خود پارٹی چلا رہے ہیں، ہم سے غلطیاں ہو رہی ہیں لیکن مل کر انہیں درست کرلیں گے، سب سے مل کر اتحاد اور اتفاق کے ساتھ آگے چلیں گے، ہم سیاست میں پڑنا نہیں چاہتے اور جلد ہی پارٹی کا سیاسی مسئلہ بھی حل ہوجائے گا،اس مسئلے سے کسی کو سیاسی فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ سے شہر کے مسائل پر کئی میٹنگز ہوچکی ہیں انہیں اگر کراچی کے حالات صحیح کرنے ہیں اور اس شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو انہیں کچھ کڑوے گھونٹ پینے ہوں گے ، واٹر بورڈ جس طرح چل رہا ہے سب جانتے ہیں ،اب سیوریج زیر زمین نہیں بلکہ سڑکوں پر بہہ رہا ہے، کے ایم سی کے کنٹریکٹ ملازمین کے لئے سندھ حکومت سے اجازت جلد مل جائے گی اور کسی بھی کنٹریکٹ ملازمین کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی سہ پہر ضلع وسطی اور شرقی کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا میئر کراچی نے نارتھ کراچی یوسی 14- ، مسلم ٹائون سیکٹرE-11 اور جناح اسکوائر ملیر یوسی5- ماڈل زون ضلع کورنگی میں سی سی پیور بلاک گلیوں کا افتتاح کیا اس موقع پر ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ضلع شرقی کے دورے کے موقع پر چیئرمین نیئر رضا اور منتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے،میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار مختلف سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کی جارہی ہے ،نامساعد حالات کے باوجود سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے ، سیوریج کے نظام کی بدحالی کی وجہ سے مختلف مقامات پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، میں حکومت سندھ سے درخواست کروں گا کہ چونکہ واٹر بورڈ ان کے دائرہ اختیار میں ہے لہٰذا وہ واٹر بورڈ کو اس بات کا پابند کریں کہ نئی سڑکیں بننے سے قبل اطراف میں موجود سیوریج کے بدحال نظام کو درست کیا جائے، سیوریج کے خراب نظام کے باعث سڑکیں نہیں بن پا رہی ہیں اور جو سڑکیں بن چکی ہیں انہیں جگہ جگہ سیوریج کے پانی کے رسائو کے باعث نقصان پہنچ رہا ہے، کراچی شہر ہم سب کا ہے لہٰذا شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ذمہ داریاں ایک دوسرے پر ڈالی نہیں جاسکتیں ، جو ذمہ داریاں ہماری ہیں وہ ہم نبھا رہے ہیں اور جو کام ہم کر رہے ہیں وہ میڈیا کے توسط سے عوام کے سامنے آرہا ہے ، میئر کراچی وسیم اختر نے ضلع وسطی میں مکمل کئے گئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جبکہ چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے میئر کراچی کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے آگاہ کیا ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پلیٹ میںپہلے بھی مشکلات ڈالی گئی ہیں مگر ہم کسی بھی مشکل کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آگے کی طرف سفر کر رہے ہیں ایک ایسا سفر جس میں ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کے مسائل ضرو ر حل کریں گے انہوں نے کہا کہ جو بھاری مشینری ہمیں دستیاب نہیں ہے وہ ہم کرایہ پر بھی حاصل کر رہے ہیں مگر ترقیاتی کاموں کو مکمل کر ارہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہر میں ہونے والے ترقیاتی کام کسی بھی طرح سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے اور کراچی شہر کے مسائل مل کر حل کریں گے، بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے ضلع کورنگی کی مختلف گلیوں میں سی سی پیور بلاک لگائے جانے کے بعد گلیوں کا معائنہ کیا اس سے قبل انہوں نے فیتہ کاٹ کر ان گلیوں کا افتتاح کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود جبکہ شہر میں کچرے کے بے پناہ انبار موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے قیام میں پولیس ، کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور دیگر لوگ بھی شامل ہیں، یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور اسے وقت کے ساتھ ساتھ حل کرلیں گے ، صدر کے علاقے سے کئی بار تجاوزات ہٹائی گئیں لیکن تجاوزات مافیا اسے دوبارہ قائم کرلیتی ہے، مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے حکمت عملی ترتیب دی ہے جس پر مرحلہ وار عمل کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کو مکمل طور پر صاف کریں گے اور اس سے قبل ہاکر زون بنائے جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ افسران کے خلاف تحقیقات کا کوئی نتیجہ نہیں آتا انہوں نے کہا کہ مجھے کسی کا خوف نہیں صرف اوپر والے کا خوف ہے ، میں اور میرے ساتھ منتخب بلدیاتی نمائندے اپنی اپنی استعداد کے ساتھ شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں ۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ واٹر بورڈ اگر حکومت سندھ ہمیں دے گی تو ہم اس بد ترین حالت میں بھی اس کا انتظام سنبھالیں گے کیونکہ شہریوں کو سب سے زیادہ پریشانی اور مسائل کا سامنا واٹر بورڈ سے ہی ہے۔#