پاکستان انجینئرز فورم سینئر اور ینگ انجینئرز کے لیے ایک مؤثر اور فعال پلیٹ فارم ہے،حافظ نعیم الرحمن

کرپٹ معاشرے کو اجتماعی جدوجہد سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے،جماعت اسلامی کے پاس شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے مثبت منصوبہ بندی موجود ہے،امیر جماعت اسلامی کراچی کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 15 فروری 2018 20:24

پاکستان انجینئرز فورم سینئر اور ینگ انجینئرز کے لیے ایک مؤثر اور فعال ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2018ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ معاشرے میں کرپٹ نظام کا ایک مضبوط جال موجود ہے ،کرپٹ معاشرے کو اجتماعی جدوجہد سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے ، جب تک فاسق، ظالم ، فاجر اور باطل نظام کو بدل کر اللہ کے حکم کے مطابق دین کو نافذ نہیں کریں گے اس وقت تک حالات تبدیل نہیں ہوں گے،پاکستان انجینئرز فورم سینئر اور ینگ انجینئرز کے لیے ایک مؤثر اور فعال پلیٹ فارم ہے ، انجینئرز کودین سے اپنے تعلق کو مضبوط کر کے ایک بااخلاق و باکردار معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک صحیح معنوں میں ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہوسکے ،جماعت اسلامی کے پاس شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے مثبت منصوبہ بندی موجود ہے اور وقتا فوقتاً مختلف فورم پر جماعت اسلامی منصوبہ بندی کے حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں بھی رہتی ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کی باگ دوڑ ، معاشرے کی قیادت ، اہل اور ایماندار قیادت کے پاس ہو تاکہ معاشرہ اسلامی اور خوشحال معاشرہ بن سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انجینئرز فورم کے تحت شہر بھر کے سال 2016-17میں پاس ہونے والے ’’فریش انجینئرز‘‘ کو عملی میدان میں بہتر رہنمائی دینے کے لیے مقامی یونیورسٹی میںمنعقدہ ’’کیرئیر گائیڈنس ‘‘ کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار سے پاکستان انجینئر فورم کے صدر حافظ حید رعلی ، انجینئر فورم کراچی کے صدر عزیز الدین ظفر ،مکینیکل ، الیکٹریکل ، الیکٹرونکس، سول، آئی ٹی اور دوسرے شعبہ جات کے ماہرین نے بھی خطاب کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان انجینئرز فورم مبارکباد کا مستحق ہے جس نے ہر سال کی طرح امسال بھی فریش انجینئرز کے لیے ’’کیرئیر گائڈنس ‘‘کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ انہو ں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ انجیئرنگ کے شعبے میں ایسے لوگ تیارہوں جو اجتماعی جدوجہد کا حصہ بنیں معاشرے کو آگے بڑھانے والے بنیں ، دنیا میں اللہ کے دین کی حکومت اور آخرت میں اللہ کے حضور کامیابی و کامرانی کے ساتھ سرخرو ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کرپشن کر کے کرپٹ نظام کو مضبوط بناررہے ہیںضروری ہے کہ ہمیں فسادا ت کے مرکز کو دین کے مرکز میں بدلنا ہوگا ، معیشت ، تجارت ،قوانین اللہ کے قانون کے مطابق نظام کو نافذ کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ رشوت کے نظام میں بھی جائز کام خواہش کے مطابق نہیں ہوپاتا اس لیے ہمیں سچائی کا نظام ، رشوت فری سوسائٹی اور رشوت فری حکومت قائم کرنا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا دار الجزاء نہیں بلکہ دارلامتحان ہے ، ہمیں اچھاکام اور انسانیت کی خدمت صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لیے ہی کرنا چاہیئے اس لیے کہ بد ترین شخص وہ ہے جو کسی پر احسان کرے اور بعد میں اس کو جتاتا پھرے ۔ حافظ حید رعلی خان نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں انجینئرز کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی سی ہے ، انجینئرز فورم پاکستان بھر کے انجینئرز کے مسائل حل کرنے کے لیے مختلف سطح پر کوشاںہے ۔ #