مشفق اور سرکار کی نصف سنچریاں رائیگاں، سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں با آسانی 6 وکٹوں سے ہرا دیا،

آئی لینڈرز نے 194 رنز کا ہدف با آسانی 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا، مینڈس 53 رنز بنا کر نمایاں، شناکا 42 اور پریرا 39 رنز بنا کر ناقابل شکست، کوسل مینڈس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 15 فروری 2018 20:08

مشفق اور سرکار کی نصف سنچریاں رائیگاں، سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ..
ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء) سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں با آسانی 6 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 194 رنز کا ہدف 17ویں اوور کی چوتھی گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا، کوسل مینڈس اور گونا تھلیکا نے 53 رنز کا آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، مینڈس 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، شناکا اور پریرا نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ میں 65 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شناکا 42 اور پریرا 39 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مشفق الرحیم کی 66 اور سومیا سرکار کی 51 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں، کوسل مینڈس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جمعرات کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیش کے قائم مقام کپتان محموداللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا جو کہ ٹی ٹونٹی میں اس کا بڑا ٹوٹل ہے، مشفق الرحیم 66 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ سومیا سرکار 51 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، محموداللہ 43، ذاکر حسن 10، عافیف حسین صفر اور صابر رحمان ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، جیون مینڈس نے 2 جبکہ گونا تھلیکا، اودانا اور پریرا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کوسل مینڈس اور تھلیکا نے ٹیم کو 53 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، تھلیکا 30 رنز بنا کر نظم الاسلام کی گیند کا نشانہ بنے، مینڈس نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور شاندار ففٹی بنا کر سکور 90 تک پہنچا دیا، مینڈس 53 رنز بنا کر عافیف حسین کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اپل تھرنگا صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے، 129 کے سکور پر آئی لینڈرز کی چوتھی وکٹ گری جب نیروشن ڈکویلا 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر شناکا اور تھسارا پریرا حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 ناقابل شکست رنز جوڑ کر بنگال ٹائیگرز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، شناکا 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 جبکہ پریرا 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، نظم الاسلام نے 2 جبکہ روبیل حسین اور عافیف حسین نے ایک، ایک وکٹ لی۔