ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کیخلاف تحقیقات میں کوتاہی برتنے والے نیب افسران کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا،چیئرمین نیب

ڈی جی نیب راولپنڈی کو72 سے زائد غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کیخلاف تحقیقات فوری مکمل کرنے کی ہدایت مافیا سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے،چیئرمین نیب کی ڈائریکٹر جنرل نیب کو ہدایت

جمعرات 15 فروری 2018 19:08

ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کیخلاف تحقیقات میں کوتاہی برتنے والے نیب افسران ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2018ء) چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ہدایت کی ہے کہ وہ راولپنڈی اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر بنائی گئی72سے زائد ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کیخلاف تحقیقات فوری مکمل کریں اور پلاٹوں کا لالچ دے کر سادہ لوح عوام سے لوٹی گئی دولت واپس لائی جائے،چیئرمین نیب نے ڈی جی کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ہائوسنگ سوسائیٹیز کیخلاف تحقیقات میں کوتاہی برتنے والے نیب افسران کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے ۔

نیب کے اعلامیہ کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹر میں راولپنڈی اسلا م آباد کی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کیخلاف کئے گئے اقدام اور نیب تحقیقات میں جاری پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین نیب نے کی،اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کے علاوہ نیب کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے،اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کے مقدمات اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ پلاٹوں کا لالچ دے کر سوسائی مافیا نے اربوں روپے عوام سے لوٹ چکے ہیں اور اس لوٹ مار میں اسلام آباد انتظامیہ اور ڈی اے اور سی ڈی اے بھی برابر کی شریک ہیں۔چیئرمین نیب کو ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نے بتایا کہ حکم کے مطابق نیب نے تمام متعلقہ حکومتی اداروں سے ہاؤسنگ سوسائیٹیوں سے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے تاکہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی مافیا کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جاسکے۔

نیب حکام نے اجلاس کو بتایا کہ سی ڈی اے،آر ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تفصیلات میڈیا میں شائع کی جائیں تاکہ سادہ لوح عوام اس مافیا کے ہاتھوں لٹنے سے بچ جائے،حکومتی اداروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تفصیلات بھی اپ ڈیٹ کریں تاکہ عوام کو غیرقانونی سوسائٹیوں سے آگاہی دی جاسکے۔

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے اپنے عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد متعلقہ نیب افسران کو حکم دیا تھا کہ وہ سوسائٹیوں کیخلاف جاری تحقیقات فوری طور پر مکمل کریں اور اسکے نتیجہ میں چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی سے سوسائٹیوں کیخلاف لئے گئے ایکشن کی تمام تفصیلات بھی طلب کرلیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیب سوسائٹیوں کے مالکان سے لوٹی گئی دولت واپس لے گا اور یہ رقوم واپس لوگوں کو دی جائے گی،اجلاس میں واضح طورپر نیب کے کرپٹ افسران کو پیغام کہ ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کی تحقیقات پر مامور نیب افسران نے کوتاہی برتی تو سخت ایکشن لیا جائے گا جبکہ چیئرمین نیب نے عوام سے کہا کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے پلاٹ نہ خریدیں اور اپنی کمائی قانون کے مطابق کام کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے پلاٹ خریدیں۔

یادرہے ایک روز قبل پبلک اکائونٹس کمیٹی نے چیئرمین نیب کو ہدایت کی تھی کہ وہ بہارہ کہو ہائوسنگ سکیم میں مبینہ 8 ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات نوسال تک مکمل نہ کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی کریں ۔۔

متعلقہ عنوان :