بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم فیز I میں پلاٹوں کا قبضہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد دیا جائے گا

وفاقی وزیر اکرم خان درانی کا ایوان بالا میں جواب

جمعرات 15 فروری 2018 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم فیز I میں پلاٹوں کا قبضہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد دیا جائے گا۔ جمعرات کو ایوان بالا میں سینیٹر فرحت الله بابر اور ثمینہ سعید کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ فائونڈیشن نے پہلے آیئے، پہلے پایئے کی بنیاد پر عبوری آفر لیٹرز جاری کئے ہیں۔

معاہدے کے مطابق میسرز گرین ٹری پرائیویٹ لمیٹڈ نے ترقیاتی کام کرنا تھا اور 2009ء میں اس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا۔ بعد میں سپریم کورٹ نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا اور 2013ء میں عدالت کا فیصلہ آیا۔ نیب کو بھی یہ معاملہ بھجوایا گیا۔ ہم نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اگر نیب اس بات کی ضمانت دے کہ میسرز گرین ٹری کے ذمہ داران ترقیاتی کام بروقت مکمل کریں گے تو انہیں کام دے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

68 کروڑ روپے زمین کی مد میں اس وقت بھی کمپنی کے ہمارے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 700 پلاٹ کم تھے اور دوبارہ اس کا سروے کیا گیا ہے، ہم نے ڈیزائن سی ڈی اے کو دے دیا ہے جس کی منظوری کے بعد مرحلہ وار کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین کے علاوہ ہائوسنگ فائونڈیشن کے تحت کوئی بھی سکیم دوسرے افراد کے لئے شروع نہیں کی گئی تاہم ہائوسنگ فائونڈیشن کی سکیم میں لوگوں کے لئے مخصوص کوٹے کے مطابق غور کیا جا رہا ہے۔ ہائوسنگ فائونڈیشن وفاقی حکومت کے ملازمین کے علاوہ دیگر افراد کو بھی ان کے کوٹہ کے مطابق اپنی سکیموں میں پلاٹ دینے کی مجاز ہے۔

متعلقہ عنوان :