پاکستان مواقع کی سرزمین ہے،

حکومت نے بہترین قانون سازی کے ذریعے ان مواقع کو مزید بہتر بنا دیا ہے، برادر ملک ترکی سے تاجر اور صنعتکار ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں تو خوشی ہوگی صدر مملکت ممنون حسین کی پاک ترک بزنس فورم کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 15 فروری 2018 16:49

پاکستان مواقع کی سرزمین ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ پاکستان مواقع کی سرزمین ہے، حکومت پاکستان نے بہترین قانون سازی کے ذریعے ان مواقع کو مزید بہتر بنا دیا ہے جس سے پوری دنیا کے سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں، ہمیں خوشی ہوگی اگر ہمارے عزیز ترین برادر ملک ترکی سے تاجر اور صنعتکار اس سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے یہ بات پاکستان ترک بزنس فورم کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے جمعرات کو ترک سفیر احسان مصطفیٰ یوردا قل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے سرمایہ کاروں کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات غیرمعمولی نوعیت کے ہیں جن کی مثال خارجہ تعلقات کی دنیا میں ملنا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہونا چاہئے۔ اس سلسلے میں تاجروں ، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخ ، ثقافت اور عقیدے کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون خوش آئند ہے، پاکستان اس سلسلے میں ہراقدام کا خوش دلی سے خیر مقدم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے شعبوں میں موجود مواقع سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا جاسکا، اس لئے ضروری ہے کہ ترک سرمایہ کار توانائی اور فوڈ پروسیسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر توجہ دیں۔ صدر مملکت نے اس امر پرمسرّت کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ترک ادارے پاکستانی انجینئرز اور کارکنوں کی تربیت کا خصوصی اہتمام کر رہے ہیں اور مزید تربیت کے لئے انہیں ترکی بھیجا جارہا ہے جس کے مفید نتائج برآمد ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ صحت اور ادویہ سازی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :