کرپشن ریفرنس ، شرجیل میمن سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد

پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، فرد جرم عائد ہونے والے ملزمان میں یوسف کابرو ،گلزار علی ،الطاف حسین میمن ، ذوالفقار علی شلوانی، سلمان منصور ،منصور ہاشمی ،منصور احمد راجپوت اور دیگر شامل

جمعرات 15 فروری 2018 12:31

کرپشن ریفرنس ، شرجیل میمن سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ جمعرات کو کراچی کی احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت کیس میں نامزد بارہ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت دیگر ملزما ن پر فرد جرم عائد کردی،جج نے کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی جبکہ ملزموں نے عدالت کے رو برو صحت جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا ہے۔شرجیل میمن کے ساتھ فرد جرم عائد ہونے والے ملزمان میں یوسف کابرو ،گلزار علی ،الطاف حسین میمن ، ذوالفقار علی شلوانی، سلمان منصور ،منصور ہاشمی ،منصور احمد راجپوت اور دیگر شامل ہیں۔واضح رہے کہ شرجیل انعام میمن سمیت تمام ملزمان پر محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس قائم ہے