Live Updates

ایس ایس پی تشدد کیس،عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست دائر،

سماعت 26 فروری تک ملتوی

جمعرات 15 فروری 2018 12:31

ایس ایس پی تشدد کیس،عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست ..
؂اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں حاضری اسے استثنی اور اور بریت کے لئے درخواست دائر کرادی،سماعت 26 فروری تک کے لئے ملتوی۔ جمعرات کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی اس موقع پر عمران خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنی اور بریت کی درخواست جمع کرائی گئیں جس پر عدالت نے انہیں دونوں درخواستوں کی نقول پراسیکیوشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے، ایڈووکیٹ شاہد نسیم گوندل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فرد جرم عائد کرنے سے پہلے بریت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ایک آدمی سیاسی احتجاج کرے اور اس کے خلاف کیسز بن جائیں، میرے خلاف کیسز سراسر غیر جمہوری عمل ہے جس پر فاضل جج نے کہا کہ کیس عدالت میں ہے اور ہم کو طریقہ کار پر عمل کرنا ہے۔ عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواستوں پر بحث کے لیے سماعت یکم مارچ کو مقرر کرلیتے ہیں جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ کیا آئندہ سماعت پر بھی ملزم کو آنا پڑیگا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ابھی حاضری سے استثنی نہیں ملا تو ملزم کو آنا پڑیگا جس کے بعد فاضل جج نے کیس کی سماعت 26 فروری تک کے لئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ 2014 میں اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کے وقت پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنمائوں کے خلاف چار مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی وی حملہ، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت جونیجو تشدد کیس شامل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :