وزیر تجارت پرویز ملک نے کینیڈین صوبائی وزیر برائے بین الاقوامی تجارت مائیکل جان سے ملاقات،پاک کینیڈا تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 15 فروری 2018 11:50

آٹوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء) وزیر تجارت پرویز ملک نے کینیڈا کے صوبہ اونٹ ریوئے کے وزیر برائے بین الاقوامی تجارت مائیکل جان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان اور اونٹ ریوئے کے درمیان تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مائیکل جان کو پاکستان کی موجودہ حکومت کی طرف سے متعارف کرائی جانے والی اقتصادی اصلاحات کے نتیجہ میں ہونے والی معاشی ترقی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان میں موجود تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کینیڈا کی وفاقی کابینہ کے ارکان خصوصاً وزیر برائے بین الاقوامی تجارت فرانکوئس فلپ شیمپن سے ان کی ملاقاتیں نہایت مفید رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مارکیٹ تک رسائی ، تجارتی وفود کے تبادلوں اور دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون کے ذریعہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے نتیجہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ اونٹ ریو میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔اونٹ ریو ایک بڑا کاروباری و صنعتی مرکز ہے اور پاکستان اس سے اپنے تجارتی تعلقات مضبوط کرنا چاہتا ہے ۔ اس موقع پر مائیکل جان نے اونٹ ریو میں مقیم پاکستانیوں کے صوبے کی ترقی میں کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صوبے میں بڑی تعداد میں آنے والے پاکستانی طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ انہوں نے وزیر تجارت پرویز ملک کی دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان تجارت میں اضافے کی تجویز سے اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :