Live Updates

عمران خان کی انسداددہشت گردی عدالت میں پیشی‘بریت کی درخواست دائر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 15 فروری 2018 10:09

عمران خان کی انسداددہشت گردی عدالت میں پیشی‘بریت کی درخواست دائر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایس ایس پی عصمت جونیجو تشدد کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوگئے ہیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند ایس ایس پی تشدد کیس کیس کی سماعت کی‘سماعت کے دوران عمران خان نے ایس ایس پی تشدد کیس میں حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست دائر کردی۔

پیشی کے دوران کمرہ عدالت میں جج شاہ رخ ارجمند اور عمران خان کے درمیان مختصر مکالمہ بھی ہوا۔عمران خان نے جج سے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ عوامی جلسہ کرنے پر قائدین کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کردیے جاتے ہیں، جس پر جج نے کہا کہ میں آپ کی بات سمجھ سکتا ہوں لیکن اس بارے میں آپ کے وکیل جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے عمران خان کی درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں دیتے ہوئے سماعت 26 فروری تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہم اس ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کا ایک ہی مقام ہونا چاہیے اور میرا عدالت میں پیشی کا مقصد بھی یہی ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایک عام شہری ہوں اور مجھے خصوصی پروٹوکول کی ضرورت نہیں ہے جبکہ نواز شریف مغل اعظم ہیں اور ان کا مقصد صرف عدلیہ پر دباﺅ ڈالنا ہے۔

عمران خان نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بھائی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لوگوں کو قتل کرواتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے سابق وزیر خزانہ کو پیسے منی لانڈرنگ کے لیے دیے گئے اور انہوں نے اسی وزیر خزانہ کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ساری توجہ ایک بدعنوان آدمی کو بچانے کے لیے ہے اور اس سے پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عمران خان نے کہا کہ جو مظلوم بن رہے ہیں انہیں سب معلوم ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ سب کرپشن کے مافیا ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہوگئی، اب پاکستان کا نام واچ لسٹ میں ڈالا جارہا ہے جو حکومت کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ عمران خان نے کہا کہ لودھراں کے الیکشن میں (ن) لیگ کی جانب سے ہرجگہ بہت پیسہ خرچ کیا گیا، مجھے یقین ہوگیا کہ یہ کرپشن مافیا ہے لیکن علی ترین کوداد دیتا ہوں کہ 91 ہزارووٹ حاصل کئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :