شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کیس کی سماعت‘ حاضری سے استثنا کی درخواست پر دلائل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 15 فروری 2018 09:59

شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کیس کی سماعت‘ حاضری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2018ء) شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کیس کی سماعت اسلام آباد احتساب عدالت میں آج ہو گی، سماعت میں چار گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی طرف سے دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنا کی درخواست پر بھی دلائل دیے جائیں گے، عدالت نے درخواست پر بحث کے لیے نیب کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کریں گے۔عدالت نے استغاثہ کے چار گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے، یہ وہ گواہ ہیں جنہیں ضمنی ریفرنس میں شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جس پر آج دلائل دیے جائیں گے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کلثوم نواز برطانیہ میں زیر علاج ہیں جن کی طبیعت خراب ہے، کچھ میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں، ڈاکٹرز نے تجویز کیا ہے کہ اس موقع پر مریضہ کے شوہر کا ان کے ساتھ ہونا بہتر ہے۔واضح رہے کہ نیب نے بھی ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم نوازشریف ‘مریم نوازاور کیپٹن صفدرکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے-

متعلقہ عنوان :