امریکی ریاست فلوریڈا میں جنونی نوجوان نے اپنے ہی سکول میں فائرنگ کرکے 17طالب علموں کو ہلاک کردیا‘ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے-پولیس حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 15 فروری 2018 09:28

امریکی ریاست فلوریڈا میں جنونی نوجوان نے اپنے ہی سکول میں فائرنگ کرکے ..
پارک لینڈ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2018ء) امریکی ریاست فلوریڈاکے سکول میں طالب علم کی فائرنگ سے 17 افراد بچے جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں‘سکول انتظامیہ کے مطابق فائرنگ کے وقت سکول میں3ہزار2سو کے قریب طلبہ وطالبات موجود تھے۔یہ افسوسناک واقعہ ریاست فلوریڈا کی بروارڈ کاﺅنٹی میں سٹونمین ڈگلس ہائی سکول میں پیش آیا۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت 19 سالہ نکولوس کروز کے نام سے ہوئی ہے جو سکول کا سابق طالب ہے اور اسے غلط رویے پر سکول سے نکالا گیا تھا۔قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے مقامی چینل کو بتایا کہ ملزم نے فائرنگ کرنے سے پہلے فائر الام بجایا جس سے افراتفری پیدا ہوئی۔کاﺅنٹی شیرف سکاٹ اسرائیل نے صحافیوں کو بتایا کہ نکلولوس کروز نے ایک رائفل استعمال کیا اور ان کے پاس لاتعداد میگزینزتھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے سکول کے باہر سے فائرنگ کرنا شروع کی جہاں تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے بعد وہ عمارت میں داخل ہوگیا اور مزید 12 افراد کو ہلاک کیا جبکہ دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ نیویارک ٹائمز نے مقامی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں ملزم نے اے ایف 15 خود کار ہتھیار استعمال کیا۔

اس سے قبل سٹونمین ڈگلس ہائی سکول کے پرنسپل نے صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم وہ تعداد بتانے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ شخص ممکنہ طور پر سابق طالب ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ شخص اب زیرحراست ہے۔مقامی سکول پبلک سکول ڈسٹرکٹ نے ٹویٹ کیا کہ آج، مرجرری سٹونمین ڈگلس ہائی سکول کے قریب طالب علموں اور عملے نے کچھ ایسی آوازیں سنی جو گولیاں چلنے جیسی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سکول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور اب طالب علموں کو نکالا جارہا ہے۔ ہمیں ممکنہ طور پر زخمی ہونے والوں کے بارے میں بھی اطلاعات ملی ہیں۔سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پولیس سکول کی ایک عمارت سے طالب علموں کو نکال رہی ہے۔کئی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ شروع ہوتے ہی فائر الارم بھی بجنے شروع ہو گیا تھا۔باہر آنے والے ایک طالب علم نے بتایا کہ طالب علم سمجھے کہ یہ کوئی مشق ہورہی ہے۔

آج صبح ہی ایک مشق ہوئی تھی اور جب ہم نے گولیوں کی آواز سنی کچھ طالب علموں نے سوچا کہ یہ کوئی پریشانی والی بات نہیں۔جائے وقوعہ کی ایک ویڈیو میں طالب علموں کو چھوٹی چھوٹی ٹولیوں کی صورت میں باہر نکلتے اور مسلح پولیس کو سکول کی حدود میں گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ہیلی کاپٹر سے بنائی جانے والی ایک اور ویڈیو میں ہتھکڑیوں میں بندھے ہوئے ایک شخص کو پولیس کی گاڑی میں بیٹھتے دیکھا جاسکتا ہے‘واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سائنسی بنیاددیوں پر تحقیقات کا عمل شروع کردیا ہے۔

سی سی این کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم بیشتر کی حالات تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ایوری ٹاﺅن فار گن سیفٹی کے مطابق یہ حملہ رواں سال کسی سکول یا اس کے قریب ہونے والا 18واں واقعہ ہے۔ 2013 سے اب تک امریکہ میں 291 ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔وائٹ ہاﺅس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کو فلوریڈا میں فائرنگ کے واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ریاست میری لینڈ میں نیشنل سیکورٹی ہیڈ کوارٹر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ایف بی آئی کا کہنا ہے واقعہ کا دہشت گردی سے تعلق نہیں، عمارت میں داخلے کی کوشش کرنیوالی گاڑی میں 3 افراد تھے، فائرنگ کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ فائرنگ سے سیکورٹی اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہوا ہے۔