لال مرچ اورمصالحہ جات میں ملاوٹ کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی آگئی،مارکیٹ ٹاورسمیت کئی علاقوں میں چھاپے

بدھ 14 فروری 2018 23:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) )بلدیہ شعبہ خوراک کے لال مرچ اورمصالحہ جات میں رنگ کی ملاوٹ کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی آگئی،مارکیٹ ٹاورسمیت کئی علاقوں میں چھاپے،عملے نے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھیج دئیے،تفصیلات کے مطابق بلدیہ شعبہ خوراک کے عملے نے فوڈکنٹرولنگ آفیسر توحیداحمد راجپوت کی سرکردگی میں مارکیٹ تھانے کی حدود سابقہ الائیڈ سینما کے قریب ساجد نامی شخص کے لال مرچ اور مصالحہ جات بنانے اور پیکنگ کرنے کے کارخانے پر چھاپہ مار کر مرچوں اور دیگر مصالحہ جات میں ملایا جانے والا رنگ اور جانوروں کی آلائشوں سے تیار کیے جانے والا تیل برآمد کرکے نمونے لیبارٹری بھجوادئیے مذکورہ کارخانے میں پولیس اور بلدیہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کے بعض بدعنوان افسران کی مکمل سرپرستی میں مرچوں میں رنگ اور مضر صحت اشیاء کی ملاوٹ کرکے شہر بھر اور اندرون سندھ کی مارکیٹوں میں سپلائی کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

مئیر سید طیب حسین اور میونسپل کمشنر شاہد علی خان کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ گندگی رکھنے والے کارخانوں اور دکانوں پر کاروائیوں کے لئے فوڈ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت جاری کی ہیں جبکہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کے عملے نے مارکیٹ ٹاور پر مٹھائی کی دکان انصاف سوئیٹس ، گل شاہ بخاری روڈ پر ماںجی بریانی سمیت دیگر دکانوں اور ہوٹلوں کا دورہ کرکے صفائی کا جائزہ لیا اور اشیاء کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری روانہ کیے گئے ۔

واضح رہے کہ مرچوں اور دیگر مصالحہ جات میں ملاوٹ کے باعث مہلک امراض میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ شہر اور گردونواح کے گنجان علاقوں میں قائم مرچوں اور مصالحہ جات کے کارخانوں سے سانس اور دیگر مہلک امراض میں اضافہ ہوا ہے مگر شہریوں کے شدید احتجاج کے باوجود پولیس اور بعض متعلقہ اداروں کچھ بدعنوان افسران کی مکمل سرپرستی میں یہ مذموم کاروبار کھلے عام جاری ہے۔