مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے ہمیشہ قومی اداروں کا احترام اور قانون کی بالادستی کے لیے کام کیا،سیاسی جماعتوں کو سیاست میں منفی کردار ادا کرنے سے بچنا چاہیئے،وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 14 فروری 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے ہمیشہ قومی اداروں کا احترام کیا ہے اور قانون کی بالادستی کے لیے کام کیا ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہمیشہ کی طرح عدلیہ کا احترام کرتے ہوئے خود کو باقاعدگی سے عدلیہ کے سامنے پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین نے محمد نواز شریف پر کرپشن کے مقدمات درج کروائے لیکن عدالت سے ایک بھی کرپشن کا کیس ثابت نہیں ہوا اور محمد نواز شریف کو صرف ایک اقامے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاست میں منفی کردار ادا کرنے سے بچنا چاہیئے اور ملک میں جمہوری نظام کے استحکام کے لیے کام کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ محمد نواز شریف کے ترقی کے بیانیے کی حمایت کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی جیت اس کا واضح ثبوت ہے۔ ایک سوال کے جواب مین انہوں نے کہا کہ یہ میری ذاتی رائے ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کو براہ راست طور پر منعقد کیا جا سکتا ہے اور یہ ملکی نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔