ناجائز تجاوزات اور غلط پارکنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، میئر سکھر

بدھ 14 فروری 2018 22:51

سکھر۔14فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شہرمیں ناجائز تجاوزات اور غلط پارکنگ کرنے والوں کیخلاف سکھر میونسپل کارپوریشن کے انسداد تجاوزات ونگ کی کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں گھنٹہ گھر، مہران مرکز، مینارہ روڈ، شاہی بازار ، اسٹیشن روڈ ، نیم کی چاڑی سمیت دیگر کاروباری مراکز میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے ، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق میئر نے مذید کہا؂ ہے کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا اور صفائی کے نظام کی بہتری اولین ترجیحات ہیں ، تجاوزات خوا وہ کسی بھی صورت میں ہو برداشت نہیں کی جائے گی ، مہم کی کامیابی کے سلسلے میں شہری اور تاجر برادری تعاون کریں، میئر نے مزید کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں جن کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سہولیات موثر آسکیں گی ، شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے بلدیاتی قیادت دن رات کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کے دوران سینکڑوں موٹر سائیکلیں اور درجنوں کاریں نو پارکنگ زون سے اٹھائی گئیں، کاروں سے 500 روپے، موٹر سائیکلوں سے 200 روپے جرمانہ وصول کیا گیا ، اسی طرح فٹ پاتھ، سڑک یا اہم جگہوں پر کیبنز و دیگر تجاوزات کو ہٹادیا گیا ہے تاکہ پیدل چلنے والے والوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، اینٹی انکروچمنٹ آفیسر منظر ضیاء زیدی کی اپنے اسٹاف خالد بھٹی ، جمال گڈانی ، انور الدین سومرو ، عدنان میمن ، سہیل الطاف شیخ ، کامران میمن و دیگر کے ہمراہ میئر سکھر کی ہدایت پر مہم جاری ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی اس مہم میں تعاون کیا جارہا ہے ، دریں اثناء میئر سکھر نے محکمہ محصولات کو ہدایت کی ہے کہ نو پارکنگ زون پر نو پارکنگ کے بورڈ آویزاں کردیئے جائیں تاکہ ایسی جگہوں کی نشاندہی ہوسکے کہ جہاں گاڑیوں کی پارکنگ ممنوع ہے، ان ہدایات پر میونسپل کمشنر منصور احمد سومرو نے ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی اور متعلقہ افسران کو فوری عملدر آمد کی ہدایت کی ہے۔