بلوچستان سمیت ملک بھر میں پائیدارترقی وامن کے لیے پوری قوم یکجا ہے،وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو

بدھ 14 فروری 2018 22:46

بلوچستان سمیت ملک بھر میں پائیدارترقی وامن کے لیے پوری قوم یکجا ہے،وزیراعلیٰ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں پائیدارترقی وامن کے لیے پوری قوم یکجا ہے امن وامان کی بہتری کے لیے موجود وسائل کوجامع حکمت عملی کے تحت اجتماعی مقاصد کے لیے بروئے کارلایا جارہا ہے ،عوام کے تعاون سے صوبے کو امن وخوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے ،قیام امن کے لیے سیکورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی ،روشن وخوشحال بلوچستان ہماری منزل ہے ،عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے دستیاب وسائل عوام کی امانت ہیں جسے عوام کی بہبود کے لیے خرچ کرینگے،بلوچستان میں سیلانی انٹرنیشنل ٹرسٹ کو خوش آمدید کہتے ہیں نیک کاموں میں اجتماعی اقدامات مسائل کے حل میں معاون ثابت ہونگے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو بولان میڈیکل کمپلیکس میں سیلانی انٹرنیشنل ٹرسٹ کی فلاحی سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی وزراء میرسرفراز خان بگٹی ،میر عبدالماجد ابڑو ‘رکن صوبائی اسمبلی مفتی گلاب خان ،مشیرسماجی بہبود شہزاد صالح بھوتانی ،چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق،صوبائی سیکرٹری صحت جاوید انور شاہوانی، سیلانی ٹرسٹ کے بانی علامہ بشیر احمد قادری ،سیلانی ٹرسٹ کے صدر یوسف لاکھانی ،محکمہ صحت کے آفیسران ،سول سوسائٹی ودیگر مختلف طبقہ فکر کے لوگ موجود تھے،وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل خصوصاً غریب افراد کی مدد کے لیے کے لیے حکومت کے ساتھ فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کوبھی آگے بڑھ کر ریاست کا ہاتھ بٹانا ہوگا،ملکی ترقی وقیام امن کے لیے پوری قوم یکجاہے ،ہر فرد اپنی ذمہ داری نبھائے تو ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا ،غریب افراد کی بہبود کے لیے سیلانی ٹرسٹ کی طرز پر دیگر فلاحی ادارے بھی آگے آئیں،انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میں نے پہلے ماہانہ تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب اپنی تنخواہ سیلانی ٹرسٹ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سیلانی انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سماجی،معاشی اقتصادی تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پروگرامز پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ غیر سرکاری سطح پر ہونے والے عوامی بہبود کے ان اقدامات سے عام افراد خصوصاً غریب افراد کے سماجی ومعاشرتی معیار زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ،یہ اقدامات غیر سرکاری سطح پر سماجی تعاون کا ایک مثالی نمونہ ہیں جس کی تقلید کرتے ہوئے صاحب حیثیت افراد اور دیگر غیر سرکاری اداروں کو بھی بلوچستان سے غربت کے خاتمے اور غریب عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی اورانہیں معاشی طور پر خود مختیار بناکرکارآمد شہری بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہیے،انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سیلانی ٹرسٹ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ادارے سے ہمارا ہرممکن تعاون جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کو عوامی مسائل کا بخوبی احساس ہے دستیاب وسائل میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیںوزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلیٹریشن پلانٹ اور نوجوانوں کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرکے روزگارکی فراہمی ایک ایسا مثبت اقدام ہے جس سے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے روشناس ہونے کے ساتھ ساتھ کئی خاندان معاشی طور پر مستحکم ہونگے اور بے روزگار ی پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملے گی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی حضرت علامہ بشیر احمد قادری نے بتایا کہ پاکستان سے امریکہ تک 35ملکوں میں یومیہ سوالاکھ افراد کی خدمت پر سیلانی انٹرنیشنل ٹرسٹ روزانہ ایک کروڑ روپے خرچ کررہا ہے اور ہمارا عزم ہے کہ پیدائش سے انتقال تک اللہ کے رسول کی امت کی خدمت کرینگے ،انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کی پانچ ہسپتالوں اور پانچ بیرونی دسترخوانوں پر یومیہ بیس ہزار افراد کو کھانا کھلایاجائے گااور اس میں بتدریج صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع لائی جائے گی‘انہوں نے بتایا کہ سیلانی ٹرسٹ خوراک ‘تعلیم ‘صحت ‘سماجی بہبود سمیت 60سے زائد شعبہ جات میں خدمت میں سرانجام دے رہا ہے تھر پارکر میں قحط سالی ،خوراک وآبی قلت کے متاثرین کو ریلیف فراہم کی جارہی ہے اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے 100سے زائد نئے آر او واٹر پلانٹ لگائے جارہے ہیں ،خواتین اوربے روزگار افراد کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے انہیں ہنر مند بنا کر سیلائی مشینیں ،رکشہ ،موٹر سائیکلیں اور فنی مہارتوں کا سامان فراہم کیا جارہا ہے تاکہ اپنے اپنے خاندان کی کفالت کرسکیںانہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو آئی ٹی پروگرام کی پیشہ ورانہ تربیت گھر بیٹھے مفت فراہم کی جارہی ہے ،سیلانی ماس آئی ٹی پروگرام سے فارغ التحصیل طلباء پاکستان اور بیرون ملک باعزت روزگار کے لائق ہوسکیں گے ،سیلانی ماس ٹریننگ پروگرام کی بدولت دنیا کی جدید یونیورسٹیوں میں پڑھایا اور سکھایا جانے والے مہنگے آئی ٹی پروگرامز ہمارے ہاں مفت فراہم کئے جارہے ہیں سیلانی آن لائن قران اکیڈمی کے ذریعے 25سے زائد ممالک میں اساتذہ کرام آئن لائن قران پاک کی تعلیم وتربیت فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے اس قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سیلانی دستر خوان کا باقاعدہ افتتاح کیا اور وہاں پر غریب افراد کیلئے تیار کردہ کھانے کاچکھ کر معائنہ کیا اور سیلانی ٹرسٹ کی جانب سے وہیل چیئر اوراسٹریچر کی مفت سروس کا بھی افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :