لوٹ کھسوٹ، کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے بلدیاتی ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ،ڈاکٹر عارف علوی

عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کیاجاتا،حکومت عیاشیاں کرتی اور وعدوں پر ٹرخاتی ہے

بدھ 14 فروری 2018 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لوٹ کھسوٹ، کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے بلدیاتی ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ عوامی مسائل حل کرنے میں بلدیاتی ادارے کسی کام کے نہیںہیں۔ حکومت سندھ نے سارے اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنے کی وجہ سے ایسا بلدیاتی نظام عوام کو دیا ہے جس میں عوام کی فلاح کے لیے کچھ بھی نہیں کیاجاسکتا۔

یہ باتیں انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے ٹو ففٹی کے علاقے این ٹی آر کالونی میں علاقہ معزز ین اور صحافیوں کے ایک گروہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی ضلع سائوتھ کے صدر مراد شیخ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے آج پورا کراچی شہر کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

گلیاں اور سڑکیں تباہ حال اور سیوریج کا نظام درہم برہم ہے۔ وزیر بلدیات کو اپنی ذمہ داریوں کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہئے۔ شہر کی صفائی ستھرائی کا حال انتہائی ناقص ہے۔ بلدیاتی ادارے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اربوں روپے کا فنڈ کھا جاتے ہیں لیکن شہریوں کو نہ تو پینے کا پانی ٹھیک طرح سے میسر ہے نہ سیوریج کی سہولت سے مستفید ہوتے ہیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ پینے کے پانی میں سیوریج کا پانی مل جاتا ہے اور شہریوں کے گھروں میں گٹر کی بدبو پھیل جاتی ہے۔

یہ سب کس کی ذمہ داری ہی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کیاجاتا۔ حکومت کا کام محض عیاشیاں کرنا اور لوگوں کو روکھے سوکھے وعدوں پر ٹرخانا رہ گیا ہے۔ کیا اسی وقت کے لیے عوام انہیں ووٹ دے کر منتخب کرتی اور اپنے سروں پر بٹھاتی ہی حکومت سندھ اگر اختیارات اپنے ہی ہاتھ میں رکھنا چاہتی ہے تو اسے چاہئے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام بھی کرے ۔