حروں کے روحانی پیشوا فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر صاحب پاگارا کی باسٹھویں سالگرہ پر کنگری ہائوس میں کیک کاٹا

پیر صاحب پاگارا کی درازی عمر اور صحت کیلئے دعا کی گئی، تقریب میں ملک کی سلامتی اور اداروں کی مضبوطی کے لئے بھی خصوصی دعا مانگی گئی

بدھ 14 فروری 2018 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) حروں کے روحانی پیشوا فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر صاحب پاگارا کی باسٹھویں سالگرہ پر کنگری ہائوس میں کیک کاٹا گیا۔ پیر پاگارا نے اپنی سالگرہ کا کیک صوبائی جنرل سیکریٹری سردار رحیم کے ہمراہ کاٹا، اس موقع پر پیر صاحب پاگارا کی درازی عمر اور صحت کے لئے دعا کی گئی۔ تقریب میں ملک کی سلامتی اور اداروں کی مضبوطی کے لئے بھی خصوصی دعا مانگی گئی۔

سالگرہ کی تقریب میں فنکشنل مسلم لیگ کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پیر صاحب پاگارا کی سالگرہ کی تقریب پریس کلب اور فنکشنل لیگ ہاس میں بھی منعقد کی گئی تقریب میں رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی، خواتین اور مرد کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار رحیم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی پیر صاحب پاگارا کو لمبی عمر اور صحت عطا کرے، پیر صاحب پاگارا کی تعلیمات اور افکار ہمارے لئے انتہائی اہم ہیں پیر صاحب پاگارا نے ہمیشہ ملک کی بھلائی اور سلامتی کی بات کی ہے وہ فیڈریشن کی علامت ہیں وطن عزیز ہے تو ہم ہیں ایک سوال کے جواب میں سردار رحیم کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی تقسیم انکا داخلی معاملہ ہے تاہم شہر اور شہریوں کے بہترین مفاد میں ان دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر شہر کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہئیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دوراہے سے گزر رہا ہے ملک میں یکجہتی کی ضرورت ہے فنکشنل مسلم لیگ واحد جماعت ہے جو جو فیڈریشن کی علامت ہے۔ ملکی عوام پیر صاحب پاگارا اور فنکشنل لیگ کو مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کراچی کو فنکشنل لیگ کا قلعہ بنائیں گے کارکنان تنظیم سازی پر بھرپور توجہ دیں سندھ بھر خصوصا کراچی میں رکنیت سازی کے بھرپور نتائج سامنے آرہے ہیں رکنیت سازی کا کام مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں تنظیم سازی کا کام مکمل کیا جائیگا۔