پاکستان کا پہلا سپورٹس سکول قذافی سٹیڈیم لاہور میں قائم کیا جا رہا ہے،رانا مشہود

بدھ 14 فروری 2018 21:19

پاکستان کا پہلا سپورٹس سکول قذافی سٹیڈیم لاہور میں قائم کیا جا رہا ..
لاہور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہو احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا سپورٹس سکول قذافی سٹیڈیم لاہور میں قائم کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے سپورٹس بورڈ اور لاہور قلندر کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے رائزنگ پنجاب سپورٹس مقابلہ جات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

یہ مقابلہ جات پنجاب بھر میں مختلف سکولوں میں تحصیل،ڈسٹرکٹ، ڈویژن، انٹر ڈویژنل اور صوبائی سطح پر 6 مارچ کو منعقد ہوں گے۔یہ بات صوبائی وزیررانا مشہود نے سرکاری تعلیمی اداروں میں سپورٹس مقابلہ جات کے انعقاد کے حوالے سے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میںمنعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپورٹس سکول میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، کبڈی اور ریسلنگ سمیت دیگر گیمزپر ٹریننگ دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس سکول کے ذریعے تحصیل اور ڈسٹرکٹ کی سطح سے سکولوں سے آنے والے ٹیلنٹ پر محنت کی جائے گی تا کہ ہمارے کھلاڑی بہترین انداز میں دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے مزیدکہا کہ ہمارے طالبعلموں میں سپورٹس کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور سکول کی سطح پر صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے -’’رائزنگ پنجاب ‘‘ سپورٹس مقابلہ جات کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تحصیل، ڈسٹرکٹ ، ڈویژن اور پھر صوبائی سطح پر پرائمری سے سیکنڈری لیول پر شروع ہونے والے سپورٹس مقابلہ جات میںمختلف سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات حصہ لیں گے اوراس اقدام کا مقصد طالب علموں میں کھیلوں کا فروغ ہے۔اجلاس میں سکولز ایجوکیشن، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔