نوجوان ہی معاشرے کی تبدیلی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا

بدھ 14 فروری 2018 21:05

نوجوان ہی معاشرے کی تبدیلی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑانے کہاہے کہ درحقیقت کسی بھی معاشرے میں نوجوان ہی کسی تبدیلی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیںاورفاٹا میں نوجوان کل آبادی کاتقریباً ساٹھ فیصدہیں‘ بدقسمتی سے گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری حالات کی بناء پرنوجوان ہی خاص طور پر متاثرہوئے ہیں تاہم اب نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کیلئے کوششیں جاری ہیں تاکہ انہیں ایک فعال اورخوشحال معاشرے کے قیام میںبنیادی کردار کاحامل بنایاجاسکے۔

وہ بدھ کو خیبرایجنسی کے ہیڈکوارٹر باڑہ میںگورنمنٹ ہائی سکول حصارہ کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس کاتین، کنٹری ڈائریکٹر یو این ڈی پی اگناشیوارتضا،چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس آرایس پی مسعودالملک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹاسکندرقیوم، ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ، قبائلی زعما اور دیگرمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہاکہ فاٹا میں کم وبیش دو لاکھ ایسے بچوں کو تعلیمی نظام کے دائرہ عمل میں لایاگیا ہے جو قبل ازیں اپنی تعلیم چھوڑچکے تھے۔ بچوں کا سکولوں میں داخلہ اورحاضری ممکن بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اورحکومت کی کوشش ہے کہ سکولوں میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی خصوصاً انفراسٹرکچر کی سہولیات کو بہتربنایاجائے اور محفوظ تعلیمی ماحول یقینی بنایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ تعلیم کے فروغ کوایک خوشحال اورمتحمل معاشرے کے قیام میںبنیادی حیثیت حاصل ہے۔گورنرنے کہاکہ یورپی یونین کی معاونت سے’’سپورٹ ٹو ریٹرنیزاینڈ دیرکمیونٹیز ان فاٹا ‘‘ منصوبے کے تحت شروع کئے گئے اب تک کے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اس جامع منصوبے کے تحت خیبر، کرم، اورکزئی اورشمالی وزیرستان ایجنسیوں میں سماجی ہم آہنگی، آمدن کے وسائل اورتعلیمی سرگرمیوں جیسے امور پر توجہ دی گئی ہے اور اب تک ایک سو سے زائد سکول قائم کئے گئے ہیں، 408 اساتذہ کو معیاری درس وتدریس کی تربیت دی گئی ہے اور سکولوں میں طلباء وطالبات کے داخلوں کی تعداد میں اضافہ کرنے اورسہولیات میں بہتری یقینی بنانے کیلئے تعلیمی اصلاحی جرگوں کاقیام عمل میں لایاگیاہے۔

قبل ازیں گورنرخیبرپختونخوا اورپاکستان میں یورپی یونین کے سفیر نے گورنمنٹ ہائی سکول حصارہ کی عمارت کاافتتاح کیا اور طلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :