طارق فضل چوہدری کی ہدایت پر اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے نے بنی گالہ میں کورنگ نالے پر کیمپ قائم کر دیا

وزیر مملکت کا کیمپ کا دورہ، کورنگ نالے میں سیوریج کا پانی ڈالنے والی تمام عمارتوں کو فوری نوٹس بھجوائے جائیں ، نالے میں گندے پانی کے تمام ذرائع منقطع کر دئیے جائیں ، کورنگ نالے میں گندا پانی ہر گز شامل نہیں ہونے دیں گے، احکامات جاری

بدھ 14 فروری 2018 21:05

طارق فضل چوہدری کی ہدایت پر اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے نے بنی ..
ناسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ہدایت پر اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے نے بنی گالہ میں کورنگ نالے پر کیمپ قائم کر دیا۔ وزیر مملکت نے کیمپ کا دورے کے دوران احکامات جاری کئے کہ کورنگ نالے میں سیوریج کا پانی ڈالنے والی تمام عمارتوں کو فوری نوٹس بھجوائے جائیں ، نالے میں گرنے والے گندے پانی کے تمام ذرائع منقطع کر دئیے جائیں ، کورنگ نالے میں گندا پانی ہر گز شامل نہیں ہونے دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) مشتاق اور ڈپٹی مئیر اسلام آباد چوہدری رفعت بھی وزیر مملکت کے ہمراہ تھے۔ وزیر مملکت نے اسلام آباد انتظامیہ کو کورنگ نالے کے سروے کا حکم دیا تاکہ نالے کی حدود اور اس سے ملحق تجاوزات کا تعمیرات کا پتہ لگایا جا سکے اور ان عمارات سے نالے میں شامل ہونے والے سیوریج کے پانی کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے انتظامیہ اور علاقہ عمائدین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کی جو علاقے میں سیوریج کے متبادل انتظام کیلئے رہائشیوں اور سوسائٹیوں کو راہنمائی فراہم کرے گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے، کورنگ نالے میں صاف پانی کو یقینی بنائیں گے، گندے پانی کے ماحول اور انسانی زندگی پر برے اثرات ہوتے ہیں، علاقے میں گندے اور سیوریج کے پانی کے تدارک کیلئے مناسب انتظام کیا جائے گا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 1960 میں جب سے اسلام آباد بنایا گیا سی ڈی اے اسلا م آباد کے شہری علاقوں کی تعمیرات اور ڈویلپمنٹ کے قوانین اور ان کے نفاذ کی ذمہ دار ہے جبکہ شہر کے دیہی علاقوں کے تعمیراتی قوانین بلدیاتی ادارے دیکھتے ہیں۔

بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں تسلسل نہیں رہا اور 1992کے بعد 2015میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے۔دیہی علاقوں میں بلدیاتی نمائندوں کے نہ ہونے سے ان علاقوں میں منظوری کے بغیر تعمیرات ہوئیں۔ جس سے انتظامی قباحتیں پیدا ہوئیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا قیام عمل میں آ چکا ہے ، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں کئی صدیوں سے لوگ آباد ہیں ، ان علاقوں سے متعلق یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ تمام غیر قانونی آبادیاں ہیں ، ان علاقوں کیلئے زوننگ ریگولیشنز کو درست کر رہے ہیں،ان علاقوں کیلئے بائی لاز بھی بنا رہے ہیں تاکہ یہاں تعمیرات کو ریگولیٹ کیا جا سکے اور ان کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر ملکت نے کہا کہ اسلام آباد کی آباد ی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، شہر میں قومی اسمبلی کے ایک حلقے کا اضافہ ہوا ہے ،شہر کی نئی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اورسپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں شہر کے تعمیراتی قوانین میں ہر قسم کی خامیوں کو دور کر رہے ہیں۔۔۔ توصیف

متعلقہ عنوان :