کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں دہشت گردوں کی سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی مذمت

کوئٹہ سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کی ناکامی کیلئے ضروری ہے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایاجائے

بدھ 14 فروری 2018 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں دہشت گردوں سیکورٹی فورسز کے جوانوں پر فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے 4جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں مسلسل کارروائیوں سے ثابت ہوچکا ہے کہ دہشت گردوں نے کوئٹہ کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کی ناکامی کیلئے ضروری ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سیاسی عدم استحکام بھی دہشت گردوی کی بڑی وجوہات میں شامل ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے بلوچستان میں سیاسی استحکام کو برقرار کھنے کیلئے توجہ مرکوز کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سفاک دہشت گردوں کا سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو نشانہ بنانا مسلح افواج پر حملے کے مترادف ہے اور جو درندہ صفت دہشت گرد اس حملے میں ملوث ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں ۔

انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے کے شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے چار جوانوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ اور 4جوانوں کی شہادت میںملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے۔