کراچی، کے الیکٹرک عوام کے پیسوں پر ڈاکہ ڈالنا بند کرے، وسیم آفتاب

کے الیکڑک کی جانب سے بجلی کی مد میں لگائے گئے بلاجواز مختلف ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے وصول کرنے کی مذمت کر تے ہیں،وائس چیئر مین پاک سر زمین پارٹی

بدھ 14 فروری 2018 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئر مین وسیم آفتاب نے کے الیکڑک کی جانب سے بجلی کی مد میں لگائے گئے بلاجواز مختلف ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے وصول کرنے کی مذمت کر تے ہوئے کہاکہ کے الیکٹرک عوام کے پیسوں پر ڈاکہ ڈالنا بند کرے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جس کی جیسے مرضی آتی ہے وہ کر اچی کو لاوارث سمجھ کر دونوں ہاتھوں لوٹنے میں لگا ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے کراچی کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وسیم آفتاب نے کہا کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ کی نااہلی اور بد نیتی کے سبب کراچی کی عوام ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں اوربجلی کاٹنے کے قانونی نوٹس کی معیاد ختم ہونے سے پہلے بجلی کاٹنے کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائن لوسز کے نام پر کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کر رہی ہے جبکہ لائن لوسز کا بوجھ پہلے ہی ٹیرف میں شامل کرکے عوام پر ڈال دیا گیا ہے جو کہ سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیک آوور اور آف پیک آوور کے فرق کے ساتھ قیمتوں کے اطلاق کی منظوری جون 2016 سے دیئے جانے کے باوجود آج تک اس کے عملدرآمد میں سستی اور رکاوٹیں ڈال کر عوام سے صرف پیک آوور کے ٹیرف کے حساب سے بلنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے عوام اضافی 6۔

8 روپے فی یونٹ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے اس فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے اور اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے ورنہ وہ دن دور نہیں کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے اور پھر عوام خود ان کا احتساب کرنے آجائے۔وفد کے شرکاء نے کے الیکٹرک کے خلاف جعل سازی کی شکایات کیں جن میں لائن لوسز، ٹیرف ڈیفرنس کے نام پر عوام سے اوور بلنگ کرنا، مینٹیننس کے نام پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شامل ہیں۔#

متعلقہ عنوان :