نئی نسل کو پر اعتماد بنانااور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اپنی نئی نسل پر مثبت سوچ کی مہر ثبت کرنی ہے رفیق رجوانہ

منفی رجحانات کے اثرات ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بنتے ہیں،ہمیں اندھیروںمیں اپنے حصہ کی شمع روشن کرنے کیلئے اپنا فرض نبھانا ہے‘گورنر پنجاب

بدھ 14 فروری 2018 20:10

نئی نسل کو پر اعتماد بنانااور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ..
بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ نئی نسل کو پر اعتماد بنانااور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی نئی نسل پر مثبت سوچ کی مہر ثبت کرنی ہے ، منفی رجحانات کے اثرات ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بنتے ہیں،ہمیں اندھیروںمیں اپنے حصہ کی شمع روشن کرنے کے لئے اپنا فرض نبھانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صادق پبلک سکول بہاولپور کے 64ویںسالانہ فاؤنڈرز ڈے کے موقع پر بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صادق پبلک سکول جیسی عظیم درس گاہ جنوبی پنجاب میں ترقی کی بنیاد تصور کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس درس گاہ سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات ملکی ترقی، سیاست اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں ملک و قوم کی خدمت میںمصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صادق پبلک سکول میں بلا تفریق تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے بچے حصول تعلیم میں مشغول ہیں جو اس علاقے کے لیے ایک اعزاز ہے۔گورنر نے کہا صادق پبلک سکول کا قیام اس عظیم درس گاہ کے بانی سر صادق محمد خان عباسی کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا اس ادارے میں بچیاں بھی زیر تعلیم ہیں جن کا ڈسپلن ، امتحانات میں بہترین کارکردگی کے مظاہرے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نئی نسل کو پراعتماد بنانا ہے تاکہ وہ دور حاضر کے چیلنج کا بلا خو ف و خطر اور رکاوٹ سامنا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کارنامے اور کارکردگی دیکھ کر مجھے ان پر فخر ہے اور اطمینان ہے کہ کل وہ کامیابی سے ہمارے ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا ہمارے سکیورٹی ادارے ، پولیس، فوج، رینجرز کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک و قوم کو اندرونی خطرات سے محفوظ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا فرض ہے کہ مثبت سوچ کو تقویت دی جائے کیونکہ مایوسیوں کے سمندر میں ہی امیدوں کے جزیرے بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا والدین مبارک باد کے مستحق ہیں جن کے ہونہار بچے، بچیوں نے میڈلز اور انعامات حاصل کیے۔ گورنر نے نوجوان نسل کو پیغام میں کہا کہ وہ شاہین ہیں اور بادِ مخالف صرف ان کے حوصلہ کو جانچنے اور ان کو اور اونچا اڑانے کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کو پاکستان کا پرچم سربلند رکھنے کے لیے ان تھک محنت کرنا ہوگی۔قبل ازیں صادق پبلک سکول کے پرنسپل پروفیسر میاں محمد احمد نے اپنی تقریر میں سکول کی تاریخ، نصابی ، غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر سکول کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سکول کے طلبا وطالبات کے چاک و چوبند دستوں نے گورنر پنجاب کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ہیڈبوائے دانیال احمد خان اور ہیڈ گرل لائبہ سرفراز نے اپنی تقاریر میں سکول میں بیتے ایام کو یاد کیا۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر طلباوطالبات میں 40سے میڈل اور دیگر انعامات تقسیم کیے۔ اس قریب میں جی او سی65ڈویژن میجر جنرل معظم اعجاز، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر قیصر مشتاق، فرحت عزیز مزاری، راحیل صدیقی سمیت دیگر عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔