اگلے ماہ سے شروع ہونیوالے تیسری خیبر پختونخوانڈر23گیمزکی تیاریاں

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرکے زیر اہتمام گیمزکی لوگو کی تقریب رونمائی کی،شاندار پرفارمنس کے مطاہرہ کرنے والے مرد وخواتین کھلاڑیوں کوتعلیمی سکالر شپ دیدی گئی

بدھ 14 فروری 2018 19:20

اگلے ماہ سے شروع ہونیوالے تیسری خیبر پختونخوانڈر23گیمزکی تیاریاں
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء)صوبائی ادارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں اگلے ماہ سے شروع ہونیوالے تیسری خیبر پختونخوانڈر23گیمزکی تیاریوں کے سلسلے میںڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرکے زیر اہتمام گیمزکی لوگو کی تقریب رونمائی کی گئی ،جبکہ اس موقع پر شاندار پرفارمنس کے مطاہرہ کرنے والے مرد وخواتین کھلاڑیوں کوتعلیمی سکالر شپ دیدی گئی جن میں دوکروڑ روپے تقسیم کئے گئے ،نامور فنکاروں نے بھی خوبصورت آوازوں سے محفل کو لوٹ لیا،تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل محمود خان تھے انکے ہمراہ سیکرٹری سپورٹس طارق خان،ضلع ناظم ارباب عاصم خان ،ڈپٹی کمشنر پشاور اسلام زیب ،ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخواجنید خان ،ڈائریکٹر یوتھ اسفندیار خٹک ،ڈائیریکٹر سپورٹس رشیدہ غزنوی،ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین میناگل آفریدی،ڈی ایس او پشاور جمشیدبلوچ سمیت کثیر تعدادمیں مرد وخواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر پشاور کے زیر اہتمام نشتر ہال میں منعقد ہ ایک پروقار تقریب میں 2016اور2017کومنعقد ہ انڈر23گیمزمیں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں لائبہ اعجاز،فہد خواجہ،معاذ اختر ،حمزہ گل،ثناء بہادر،نمرہ عقیل اورنورہنہ شمس سمیت دیگر کھلاڑیوں کو تعلیمی سکالر شپ کے سلسلے میںکیش رقم دیدی گئی،جبکہ گیمزکے لوگو کی رونمائی بھی کی گئی ،لوگوکی رونمائی ٹیبل ٹینس کی باصلاحیت کی سپیشل کھلاڑی شہناز اور زینب کے ہاتھوں کی گئی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس جنیدخان کاکہناتھاکہ خیبر پختونخوامیں کھیلوںکے حوالے سے کافی ٹیلنٹ موجود ہے جنہیں سامنے لانے کیلئے نچلی سطح پر مرد وخواتین کھلاڑیوں کویکساں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،جبکہ ان کھلاڑیوں کوتعلیم سے آراستہ کرانے کیلئے انہیں تعلیمی سکالر شپ دی جارہی ہے جس سے یقیناًکھلاڑیوں کی سہولیات ہوگی اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی سامنے آئینگے۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمشیدبلوچ خان نے بتایاکہ انکی بھر پور کوشش ہوگی کہ اگلے انڈر 23گیمزمیں پشاور دسٹرکٹ کے کھلاڑی شاندار پر فارمنس کا مظاہرہ کرکے سب سے آگے رہے ،یہی وجہ ہے کہ گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں مر دوخواتین ٹیموںکی تیار ی کیلئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز کیلئے علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دیکر باقاعدہ آغازآج سے ہوجائیگا۔