بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں ریسورس سنٹر برائے عربی زبان کا افتتاح کر دیا

گیا،ریسورس سنٹر میں طالبات کو تجوید، عربی، قرات، تخلیقی عربی صلاحیت کی تربیت آڈیو ویڈیو کلاسز میں دی جائے گی

بدھ 14 فروری 2018 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں ریسورس سنٹر برائے عربی زبان کا افتتاح کر دیا گیا۔ سنٹر کا افتتاح چیف آف نیول سٹاف کی اہلیہ بیگم شاہینہ عباسی نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سنٹر کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔ ر یکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ریسورس سنٹر میں طالبات کو تجوید، عربی، قرات، تخلیقی عربی صلاحیت کی تربیت آڈیو ویڈیو کلاسز میں دی جائے گی۔ اپنے صدارتی خطبہ میں بیگم شاہینہ عباسی نے کہا کہ عربی زبان کا فروغ ایک آئینی ذمہ داری بھی ہے اور عربی زبان کو سکولوںکی سطح پر لازمی قرار دے کر انہیں اسلامی روایات اور کتاب مقدس سے مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ پاک بحریہ کے تمام سکولز میں آٹھویں جماعت تک عربی تعلیم کو لازمی قرار دیدیا گیا ہے اور بحری فوج کے تمام رہائشی علاقوں میں قرآن سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہاعربی زبان مسلم امت کی میراث کی امین ہے اور ہمارے آقا ؐ اور قرآن کی زبان ہے جس کی وجہ سے اس سے محبت ایک فطری بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مرکز کی خواہش دیرینہ تھی جو کہ تکمیل تک پہنچی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عربی زبان کو سمجھنے سے دین سے قربت بڑھتی جاتی ہے ۔ ریکٹر جامعہ کاکہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی اسلام کے پیغام امن کو عام کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ضرورت مند طلباء اور غریب ممالک کے طلباء کو وظائف کے ذریعے تعلیم کا کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

تقریب سے ڈاکٹر عالیہ اکرم ، چیئرپرسن شعبہ عربی نے بھی خطاب کیا، اور ریسورس سنٹر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور عربی زبان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروگرام میں فیکلٹی آف عربیک کے ڈین ڈاکٹر محمد بشیر اور سینئر ملکی و غیر ملکی اساتذہ و طالبات بھی شریک تھیں۔