سیدھے سادھے فیصلے کو ویڈیوکلپ کے ذریعے غلط رنگ دینا بدقسمتی ہے ،ْچوہدر ی نثار علی خان

نواز شریف کا بذریعہ موٹر وے لاہورجانے کا فیصلہ پارٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں ہوا ،ْوزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی شریک تھے ،ْاجلاس میں جہاز سے روانگی کا مشورہ کسی نے نہیں دیا تھا ،ْ ترجمان کا بیان

بدھ 14 فروری 2018 18:55

سیدھے سادھے فیصلے کو ویڈیوکلپ کے ذریعے غلط رنگ دینا بدقسمتی ہے ،ْچوہدر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کا بذریعہ موٹر وے لاہورجانے کا فیصلہ پارٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی شریک تھے۔سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کے ترجمان کے مطابق موٹر وے سے لاہور جانے کا فیصلہ مری میں منعقدہ اجلاس میں ہوا جہاں اکثریت ارکان نے موٹر وے سے لاہور جانے کی رائے دی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے ٹویٹر پر ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی جس میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو بھری محفل میں نواز شریف سے لاہور کیلئے بذریعہ موٹر وے جانے سے متعلق سوال کرتے دیکھے گیا۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ اس سیدھے سادھے فیصلے کو ویڈیوکلپ کے ذریعے غلط رنگ دینا بدقسمتی ہے۔

انھوں نے زور دیا کہ بہتر ہوگا کہ اس شخص کی بھی نشاندہی کی جائے تاکہ غیر ضروری ڈرامائی عنصر زائل ہوجائے۔چوہدری نثار نے واضح کیا کہ موٹر وے سے جانے کا فیصلہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا تھا اور فیصلے میں تبدیلی کسی سیاست دان کے مشورہ سے نہیں ہوئی تھی۔سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ مجیب الرحمان شامی اور میڈیا کے وفد نے نواز شریف کو جی ٹی روڈ سے جانے کا مشورہ دیا تھا جبکہ نواز شریف نے مجھے شہباز شریف کو قائل کرنے پر زور دیا۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے میرے رابطہ کرنے پر جی ٹی روڈ سے آمد سے اتفاق کیا اور اجلاس میں ہر انٹرچینچ پر استقبال اور اختتامی استقبال لاہور میں داخلے کے بعد کرنے کا فیصلہ بھی شامل تھا۔سابق وزیرداخلہ نے بتایا کہ اجلاس میں جہاز سے روانگی کا مشورہ کسی نے نہیں دیا تھا۔