پاکستان سٹینڈرڈزاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی کارروائی ، ملٹی نیشنل کمپنیوں کی پیکنگ میں فروخت ہونیوالا کاسمیٹکس کا بھاری سٹاک پکڑلیا

بدھ 14 فروری 2018 18:18

لاہور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) پاکستان سٹینڈرڈزاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی غیر قانونی کمپنیوں کیخلاف کارروائیاں،ملٹی نیشنل کمپنی کی جعلی پیکنگ استعمال کرکے بیچی جانیوالی جعلی کاسمیٹکس کا بھاری سٹاک پکڑلیا، بھاری مقدار میں موجود گندگی سے بھرپور خام مال بھی برآمد کر لیا گیا،غیر قانونی طور پر چلنے والے منرل واٹرکے 8برانڈ بھی سیل کردئیے گئے،تفصیل کے مطابق پی ایس کیو سی اے کی سپیشل ٹیم نے آپریشن کے دوران ٹھوکر نیاز بیگ میں کارروائی کرتے ہوئے کاسمیٹکس تیار کرنیوالی فیکٹری پکڑ لی جس میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی پیکنگ کا بھاری سٹاک بھی موجود تھا، جعلی کاسمیٹکس تیار کرنیوالی فیکٹری ملٹی نیشنل کمپنیوں کی پیکنگ لگا کر مال فروخت کر رہی تھی،سپیشل ٹاسک فورس نے بھاری مقدار میں موجود جعلی شیمپو، ہئیر کلر اور بیوٹی کریمیں بھی اپنے قبضہ میں لے لیں، سپیشل ٹاسک فورس نے شہر کے مختلف علاقوں ماڈل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، کوٹ لکھپت،ٹھوکر نیاز بیگ، بہار کالونی اور سمن آباد میں انسپیکشن کے دوران پانی کی8مزید غیر قانونی کمپنیوں کو سیل کردیا اور ان کے گوداموں میں موجود پانی کی تیار بوتلوں کابھاری سٹاک موقع پر ضائع کردیا،ایکوا شلنگ، کرسٹل ، ایکوا سٹرنگ، کرسٹل کلیئر، فیضی واٹر، ایکوا ایٹ اور ڈیلائٹ واٹر برانڈ کو پی ایس کیو سی اے کا لائسنس نہ ہونے کی بناء پر فوری طور پر سیل کر دیا گیا، ڈی جی خالد صدیق کا کہنا ہے کہ غیرمعیاری کھانے پینے والی اشیاء اور کاسمیٹکس کی تیاری کو روکنے اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کارروائی جاری رکھی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف مارکیٹوں میں جا کر اشیاء کو چیک کریں گی،انہوں نے کہا کہ پی ایس کیو سی اے کے لائسنس کے بغیر کام کرنیوالی کمپنیوں کیلئے مارکیٹ میں کوئی جگہ نہیںاورلائسنس کے بغیر پاکستان سٹینڈرڈکا لوگو (پی ایس مارک)استعمال کرنا ایک جرم ہے جس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا،ان کا کہنا تھا کہ دکاندار حضرات بھی غیر معیاری اور غیر قانونی برانڈ کی فروخت نہ کریں ورنہ سٹاک قبضے میں لیکر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،واضح رہے کہ پی ایس کیو سی اے شہر بھر میں جاری آپریشن کے دوران اب تک گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 10 پانی کے یونٹ سیل کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :