بھارتی عدلیہ سے انصاف کی کوئی امید نہیں ہے ،بھارتی خفیہ ایجنسیاں وادی کشمیرمیں شہریوں کے قتل کیلئے فوج کے حمایت یافتہ گروپوںکو پھر سے کھڑا کرنے کی کوششیںکررہی ہیں،مشترکہ حریت قیادت

یوسف ندیم کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ ہے،سیدعلی گیلانی

بدھ 14 فروری 2018 18:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںسیدعلی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہاہے کہ کشمیری عوام کو بھارتی عدلیہ سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے کیونکہ عدلیہ بھارتی انتظامیہ اور مقننہ سے مختلف نہیں ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے یہ بیان بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے رواں سال 28جنوری کو شوپیاں میں تین نہتے لڑکوں کی شہادت کے ذمہ دار بھارتی فوجی میجر آدتیہ کمار اور دیگر فوجی اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی پر حکم امتناع جاری کرنے کی اطلاعات کے تنا ظر میں جاری کیا ۔

حریت قائدین نے کہاکہ کشمیر میں نہتے عوام کے قتل میں ملوث کسی بھی بھارتی فوجی یا پولیس اہلکارکو آج تک نہ تو قانون کے کٹہرے میں لایاگیا ہے اور نہ ہی کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اوربھارتی عدلیہ نے گنائونے جرائم میں ملوث فوجیوں کو ہمیشہ بچایا ہے۔

(جاری ہے)

مشترکہ حریت قیادت نے مجرموں کا دفاع کرنے پر بھارت کے جانبدار اور متعصب میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں وادی کشمیرمیں شہریوں کے قتل کیلئے فوج کے حمایت یافتہ گروپوںکو پھر سے کھڑا کرنے کی کوششیںکررہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں بڈگام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے رُکن اور تحریک وحدت اسلامی کے سیکریٹری جنرل محمد یوسف ندیم کے قتل میں ملوث ہیں ۔

ادھر سید علی گیلانی کی ہدایت پر کل جماعتی حریت کانفرنس نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سندھی پورہ بڈگام میں ایک تعزیتی مجلس کااہتمام کیا۔ انجمن شرعی شیعیان اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کے وفود بھی مرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے۔ میرواعظ عمرفاروق کی زیرقیادت حریت فورم نے ایک بیان میں قابض انتظامیہ کی طرف سے سرینگر میں باربار پابندیاں عائد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل بنیادی جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔

ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں آج بھارتی فوجیوں اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔بھارتی فوجیوں نے احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں نوجوانوں نے پتھرائو کیا۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں معروف آزادی پسند کارکن غلام محمد بلہ کو ان کی43ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔غلام محمد بلہ کو بھارتی پولیس نے اندرا عبداللہ ایکارڈکے خلاف احتجاجی ریلی کی قیادت کرنے پر15فروری 1975ء کوسوپور میںگرفتار کرکے دوران حراست شہید کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :