جنوبی افریقن سرزمین پر پہلی بار سیریز میں فتح کے بعد کوہلی 2019ء ورلڈ کپ جیتنے کے خواب دیکھنے لگے

بدھ 14 فروری 2018 17:40

جنوبی افریقن سرزمین پر پہلی بار سیریز میں فتح کے بعد کوہلی 2019ء ورلڈ ..
پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے دل میں آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کے خواب مچلنے لگے۔ بھارت نے جنوبی افریقہ کو پانچویں ایک روزہ میچ میں شکست دے کر چھ میچوں کی سیریز میں 4-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی، بھارت نے پہلی مرتبہ جنوبی افریقن سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اپنے ایک بیان میں بھارتی قائد نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح ٹیم کی بڑی کامیابی ہے، یہ ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے اور مجھے مستقبل میں بھی کھلاڑیوں سے اسی طرح کی کارکردگی کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں 4-1 کی فیصلہ کن برتری پر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، حالیہ فتوحات کے بعد کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا ہے اور اب آخری میچ میں میزبان ٹیم کو ہرا کر سیریز 5-1 سے جیتنا ہدف ہے، مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اس دورے کے بعد ہم آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کریں گے تاکہ میگا ایونٹ میں ہماری ٹیم سب سے مضبوط ہو۔