کوئٹہ کے چھ سائیکلسٹ کشمیر زندہ باد مشن لے کر کراچی پہنچ گئے

بدھ 14 فروری 2018 17:36

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) تیز وتندوسرد ہواؤں کا مقابلہ کرتے کوئٹہ کے چھ سائیکلسٹ کشمیر زندہ باد مشن لے کر کراچی پہنچ گئے۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ اسپوٹس بورڈ کی جانب سے سندھ سائیکلنگ کے جنرل سیکریٹری کلیم اعوان نے شاندار استقبال کیاکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ کے چھ سائیکلسٹ 66سالہ نظام محمد یاسین زئی کی قیادت میں تیز و تند و سرد ترین ہواؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے کوئٹہ سے کراچی پہنچ گئے۔

اس موقع پر پاکستان رینجرز سندھ اور کراچی پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے۔ ان سائیکلسٹوں نے کوئٹہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور مستونگ، قلات،خضدار، بیلا،اتھل،وندر اور حب چوکی سے ہوتے ہوئے 8دن کی مسافت کے بعد کراچی پہنچے۔

(جاری ہے)

ان سائیکلسٹوں نے کل 750کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ کلیم اعوان کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے ٹیم کے سربراہ نظام محمد یاسین زئی نے کہاکہ انشاء اللہ اگلے سال وہ کوئٹہ سے کراچی اور پھر مظفر آباد آزاد کشمیر تک کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے جائیں گے۔

ٹیم کے دیگر سائیکلسٹوںمیں جاوید علی ، منظور احمد، گل احمد درانی، عمران امان علی اور محمد نعمان شامل تھے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر کھیل سر دار محمد بخش خان مہر ، سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی،مشیر اسپورٹس مشیر ربانی اور ڈائریکٹر اسپورٹس پرویز بھٹی نے سائیکلسٹوں کے کامیاب ترین کشمیر زندہ باد سائیکل ریلی پر مبارکباد دی ہے۔ سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ملک کلیم احمد اعوان نے ان سائیکلسٹوں کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ دیا او ر انہیں شیلڈ بھی پیش کی۔ بعد اذاں یہ سائیکلسٹ بذریعہ بس کوئٹہ روانہ ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :