خان بہادر اللہ بخش گبول میموریل فٹبال کی فاتح ٹرافی نبیل گبول الیون نے جیت لی

بدھ 14 فروری 2018 17:36

خان بہادر اللہ بخش گبول میموریل فٹبال کی فاتح ٹرافی نبیل گبول الیون ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) سینئر سیاستدان سردار نبیل گبول کے دادا خان بہادر اللہ بخش گبول کی یاد میں ایک ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا جس کا فائنل سردار نبیل گبول الیون اور بغدادی الیون کلب کے درمیان کھیلا گیا جسے نبیل گبول الیون نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت کر فاتح ٹرافی اپنے نام کر لی‘ تفصیلات کے مطابق ککری گرائونڈ لیاری میں ہونے والا یہ فائنل مقابلہ وقفہ تک ایک گول کی سبقت سے نبیل گبول الیون کے حق میں تھا‘ وقفہ میں دونوں ٹیموں کا تعارف مہمان خصوصی ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی سے کرایا گیا اس موقع پر ان کے ہمراہ نواب زادہ نادر گبول‘ سردار شکیل احمد خان‘ خالد گبول اور چیئرمین یوسی8 عاشق بلوچ بھی تھے ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی یاد کو ہمیشہ اپنے دل میں محسوس کرنے کے لئے اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد وقتاً فوقتاً ہوتے رہنا چاہئے‘ محکمہ کھیل ماضی میں بھی ایسے پروگرامز کو سپورٹ کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی ہمارا بھرپور تعاون جاری رہے گا‘ وقفہ کے بعد کھیل دوابرہ شروع ہوا تو بغدادی الیون نے گول برابر کرنے کے لئے سخت جدوجہد کی لیکن ان کی ہمت اس وقت جواب دے گئی جب فاتح ٹیم کے سرور نے ایک سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرا گول اسکور کردیا دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد حریف ٹیم سنبھل نہ سکی اور یہ مقابلہ دو گول سے ہار گئی بعد ازاں مہمان خصوصی ڈائریکٹراسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے نواب زادہ نادر نبیل گبول کے ہمراہ فاتح ٹیم اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :