حفظان صحت کے مطابق اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،محمد زبیر

متعلقہ ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں،دور جدید میں فصل کی کاشت کے لئے بیجوں کی ریسرچ انتہائی ناگزیر ہے،گورنر سندھ آباد گاروں کو پانی ، بجلی ، ادویات و کھاد کی فراہمی سے مہنگائی پر قابو پایا جا سکتا ہے،وزیر مملکت ایاز شاہ شیرازی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 14 فروری 2018 17:32

حفظان صحت کے مطابق اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،محمد زبیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوام النا س کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے مطابق اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں اشیاء کی حفظان صحت کے مطابق فراہمی میں متعلقہ ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں ، دور جدید میں فصل کی کاشت کے لئے بیجوں کی ریسرچ انتہائی ناگزیر ہے ،آباد گاروں و کاشت کاروں کو پانی ، بجلی ، ادویات اور کھاد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بیجوں کی ریسرچ سے مہنگائی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی و ریسرچ سید ایاز علی شاہ شیرازی سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق اشیاء کی فراہمی اور بیجوں کی تحقیق کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کے تعاون ، تجارتی ، کاروباری اور معاشی سرگرمیوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون اور مدد سے صوبہ کے متعدد اضلاع میں ترقیاتی کامو ں کی تکمیل سے کاشت کاروں ، آباد گاروں اور زمینداروں کو بھی بھرپو ر سہولیات میسر آسکے گی ، ذرائع نقل و حمل کی ترقی سے فصل کے بروقت منڈیوں تک پہنچنے سے عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے مطابق خورا ک حاصل ہو سکے گی اس ضمن میں کاشت کاروں ، آباد گاروں اور زمینداروں کو مالی فوائد بھی حاصل ہونگے ، خوشحال کاشت کار کے بغیر قومی ترقی کا حصول دشوار ہو تا ہے یہی وجہ ہے وفاقی حکومت کاشت کاروں ، آباد گاروں اور زمینداروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں عوام الناس کو حفظان صحت کے مطابق اشیاء کی فراہمی کے لئے کوالٹی کنٹرول ادارہ فعال کردار ادا کررہا ہے جبکہ دیگر ادارے بھی سرگرم ہیں ، مارکیٹ میں اشیاء کا جائزہ لینے کے بعد عوام کو فراہمی یقین بنانے کے عمل پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ۔ ملاقات میں وزیر مملکت نے گورنر سندھ کو اشیاء کو محفوظ بنانے اور حفظان صحت کے تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات سے متعلق وفاقی حکومت کے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ معیار اور صحت افزا اشیاء کی فراہمی اولین ترجیح کی بنیاد پر اقدامات اٹھائے جا رہے ، حکومتی اقدامات کے باعث لوگوں کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

متعلقہ عنوان :