دھون کو پویلین جانے کا اشارہ جنوبی افریقن بائولر ربادا کو مہنگا پڑ گیا، 15 فیصد میچ فیس سے محروم

بدھ 14 فروری 2018 16:10

پورٹ ایلزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جنوبی افریقن فاسٹ بائولر کاگیسو ربادا پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم کے بائولر ربادا نے بھارتی اوپنر دھون کو آئوٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں انہیں پویلین جانے کا اشارہ کیا، ایمپائرز نے آئی سی سی سے ربادا کے رویے کی شکایت کی تو ورلڈ گورننگ باڈی نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے جنوبی افریقن بائولر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا۔

اسطرح ربادا کے مجموعی طور پر پانچ ڈی میرٹ پوائنٹ ہو گئے ہیں، اگر فروری 2019ء تک ربادا کے ڈی میرٹ پوائنٹس آٹھ تک پہنچ جاتے ہیں تو انہیں دو یا ایک ٹیسٹ، دو یا چار ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔