ملک، رنگ ، مذہب سے بالاتر ہو کر سب سے محبت کرتا ہوں:عمران طاہر

بدھ 14 فروری 2018 16:00

ملک، رنگ ، مذہب سے بالاتر ہو کر سب سے محبت کرتا ہوں:عمران طاہر
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14فروری2018ء) جنوبی افریقہ کے کھلاڑی عمران طاہر کو بھارت کیخلاف چوتھے ون ڈے میچ کے دوران تماشائی کی جانب سے نسل پرستانہ گالی دی گئی تو ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر سے عمران طاہر کو حمایت ملنے لگی۔ لیگ سپنر اس میچ کیلئے ٹیم کا حصہ تو نہیں تھے لیکن جب تماشائی کی جانب سے انہیں نسل پرستانہ جملے کہے گئے تو وہ برداشت نہ کر سکے اور سٹینڈز میں چلے گئے اور سکیورٹی اہلکاروں نے مذکورہ شخص کو سٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔

بعد ازاں جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اس کی تصدیق بھی کی اور وضاحتی بیان بھی جاری ہے لیکن اب عمران طاہر نے خود بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایسا بیان جاری کیا ہے کہ پوری دنیا انہیں داد دینے پر مجبور ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں عمران طاہر نے کہا کہ ”بھرپور پیار اور حمایت ملنے پر آپ سب کا بہت مشکور ہوں، میں بہت سادہ آدمی ہوں اور ملک، رنگ اور مذہب سے بالاتر ہو کر سب سے محبت کرتا ہوں،میں نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے اور صرف دوست ہی بنائیں ہیں، بہت بہت پیار“۔عمران طاہر کی جانب سے محبت بھرا پیغام جاری ہونے کے بعد ناصرف مداح انہیں سراہ رہے ہیں بلکہ ان کے مخالفین بھی داد دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔