رواں سال بی ٹی کاٹن کی اگیتی کاشت میں 100 فیصد اضافے کا امکان ہے،زرعی ماہرین

بدھ 14 فروری 2018 14:36

فیصل آباد۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ رواں سال بی ٹی کاٹن کی اگیتی کاشت میں 100 فیصد اضافے کا امکان ہے جبکہ کاشتکاروں کو حکومت کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بھر پور طریقے سے کپاس کی کاشت کا آغاز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ وہ اگیتی کاشت کی روایتی مخالفت بھی ترک کر دیں جس کے مفید اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پنجاب کے کاٹن زون میں 10 لاکھ ایکڑ رقبے پر اگیتی بی ٹی کاٹن کاشت کی گئی تھی جو نہ صرف وائرس کے حملوں سے محفوظ رہی بلکہ اس کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہونے سمیت مارکیٹ میں اس کے بہتر نرخ بھی موصول ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال اگیتی کپاس کی کاشت کا رقبہ 20 لاکھ ایکڑ سے بھی تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگیتی بی ٹی کاشت کرنے والے کاشتکاروں نے سیڈ ، کھادوں، ڈیزل کا بھی مناسب سٹاک کر لیاہے تاکہ انہیں کپاس کی کاشت میں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ فصل کی کاشت سے قبل زمین اور پانی کا تجزیہ کروا لیں تاکہ انہیں بہتر پیداوار حاصل ہوسکے۔