اسپتال میں ماں کی میت کے ساتھ سوتے 5 سالہ معصوم بچے کی تصویر نے سب کو رُلا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 فروری 2018 13:30

اسپتال میں ماں کی میت کے ساتھ سوتے 5 سالہ معصوم بچے کی تصویر نے سب کو ..
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 فروری 2018ء): بھارتی شہر حیدر آباد کے ایک اسپتال میں اپنی والدہ کی میت کے ساتھ سوتے 5 سالہ معصوم بچے کی تصویر نے سب کو آبدیدہ کر دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عثمانیہ جنرل اسپتال میں ایک بچہ اپنی والدہ کی موت سے بے خبر اس کی میت کے ساتھ ہی سکون سے سو گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ اتوار کی شب 5 سالہ بچہ دل کی بیماری میں مبتلا اپنی والدہ کے ساتھ اسپتال آیا، اس کی والدہ کی حالت تشویشناک تھی اور اسپتال میں اُس وقت کوئی اٹینڈنٹ نہ ہونے کی وجہ سے 36 سالہ ثمینہ سلطانہ جان کی بازی ہار گئی۔

5 سالہ بچہ اپنی ماں کی موت سے بے خبر رہا، وہ یہ سمجھنے سے قاصر رہا کہ اس کی والدہ کو آخر ہوا کیا ہے۔ بچے نے اپنی والدہ کے ساتھ رہنے کی ضد کی اور وہیں اپنی والدہ کی میت کے ساتھ ہی لیٹا اور سو گیا۔

(جاری ہے)

اسپتال کے عملے اور ایک این جی او کے کارکن نے کچھ دیر بعد بچے کو اُٹھایا اور بتایا کہ اس کی والدہ کو دوسرے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں ثمینہ کی موت کے وقت اٹینڈنٹ کی عدم موجودگی پر اسپتال نے کیس درج کر کے مقامی پولیس کو اطلاع کر دی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ 5 سالہ بچے کے باپ نے 3 سالہ قبل ہی اس کی والدہ کو چھوڑ دیا تھا۔ 5 سالہ شعیب کو اس کے ماموں کے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ شعیب کی والدہ کی میت کے ساتھ سونے کی تصویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس نے صارفین کو آبدیدہ کر دیا۔