کوئٹہ ،ْ نامعلوم مسلح افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 4 اہلکار شہید

واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے ،ْ پولیس …وزیر اعلیٰ کا سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار

بدھ 14 فروری 2018 14:16

کوئٹہ ،ْ نامعلوم مسلح افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سریاب روڈ کے علاقے دکانی بابا میں اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے تحقیقات شروع کردیں جبکہ لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے، تاہم ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں واقعہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل بلوچستان معظم جاہ انصاری کا کہنا تھا کہ پیٹرولنگ کے دوران ایف سی اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 3 سے 4 مسلح افراد نے سیکیورٹی فورز کی گاڑی پر حملہ کیا اور اس دوران مختلف چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ اگر سیف سٹی منصوبہ ہوتا تو تحقیقات میں بڑی پیش رفت ہوگی تاہم ہماری کوشش ہے کہ سیف سٹی منصوبے کو جلد فعال کیا جائے۔