مصری سابق چیف آف اسٹاف عنان کے پاس خفیہ ریاستی دستاویزات کا دعویٰ

عنان کے بیٹے کی باپ کے حوالے سے انسدادبدعنوانی محکمے کے سابق سربراہ کے دعوے کی تردید،مصری فوج کا کارروائی کا اعلان

بدھ 14 فروری 2018 14:11

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) مصری انسداد بدعنوانی کے محکمے کے سابق سربراہ ہشام جنینہ نے بتایاہے کہ سابق چیف آف اسٹاف سامی عنان کے پاس ایسی دستاویزات ہیں جن میں ریاستی راز ہیں اور اہم واقعات کے بارے میں تفصیل ہے،ادھر مصری فوج نے ملک کے انسداد بدعنوانی کے محکمے کے سابق سربراہ ہشام جنینہ اور سابق چیف آف اسٹاف سامی عنان کے خلاف ریاستی راز فاش کرنے کے الزام میں کارروائی کا ا علان کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری انسداد بدعنوانی کے محکمے کے سابق سربراہ ہشام جنینہ نے ایک اخبار کو بتایاکہ سابق چیف آف اسٹاف سامی عنان کے پاس ایسی دستاویزات ہیں جن میں ریاستی راز ہیں اور اہم واقعات کے بارے میں تفصیل ہے۔

ادھر مصری فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ہشام جنینہ کے دعوے جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور ان کا مقصد ریاست اور اس کے اداروں کے بارے میں شکوک پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق اب اس معاملے کی تحقیقات کی جائے گی اور یہ تحقیقات کاروں کے حوالے کیا جائے گا۔ سامی عنان اور جنینہ کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی ۔بیان کے مطابق قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام آئینی اور قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔دوسری جانب سامی عنان کے بیٹے سمیر نے ہشام جنینہ کے اپنے والد کے حوالے سے بیان کی تردید کی اورکہاکہ ان کے پاس ایسی کوئی دستاویزات نہیں ہیں جن میں ریاست یا اس کی قیادت کی مذمت کی گئی ہو۔

متعلقہ عنوان :