چین اور آسیان کے درمیان جنوبی بحیرہ چین کے حوالے سے ضابطہ اخلاق سے متعلق مذاکرات مارچ میں ہوں گے

بدھ 14 فروری 2018 14:07

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) چین اور فلپائن کے درمیان منعقد ہونے والے ایک مشاورتی اجلاس کے دوران اتفاق کیا گیا ہے کہ چین اور آسیان کے درمیان جنوبی بحیرہ چین کے حوالے سے ضابطہ اخلاق سے متعلق مذاکرات کا آغاز مارچ کے شروع میں ہو گا۔ چین خبررساں ادارے کے مطابق چین کی جانب سے نائب وزیر خارجہ کونگ شون یو اور فلپائن کے خارجہ امور کے حوالے سے انڈر سیکرٹری اینریکی منولو مشاورتی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور اسے فروغ دینے کے مقاصد کے تحت فریقین نے جنوبی بحیرہ چین کے حوالے سے رونما ہونے والے واقعات کی روک تھام وبہتر انتظام ، بحری امور کے حوالے سے مذاکرات اور تعاون کے فروغ اور باہمی اعتماد سازی میں اضافے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں مشاورتی اجلاس کو مثبت ، نتیجہ خیز اور سود مند قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فریقین کے درمیان سمندری ماحولیاتی تحفظ ، ماہی گیری ، سمندری سائنسی تحقیق اور تیل و گیس کے شعبہ جات میں تعاون کی مضبوطی کے حوالے سے سود مند تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :