افغانستان میں ناکامیوں کاملبہ پاکستان پرڈالاجاتاہے،پاکستانی مفادات کے خلاف سازشوں کاجواب دیا جائے گا۔احسن اقبال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 14 فروری 2018 13:19

افغانستان میں ناکامیوں کاملبہ پاکستان پرڈالاجاتاہے،پاکستانی مفادات ..
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 فروری۔2018ء) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ افغانستان میں ناکامیوں کاملبہ پاکستان پرڈالاجاتاہے،پاکستانی مفادات کے خلاف کسی بھی سازش کاجواب دیا جائے گا۔ پوری قوم نے مل کردہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے دہشت گردی کو ناسورقراردیا گیا، گزشتہ 4 سال میں دہشت گردی اورفرقہ واریت کے واقعات میں 80 فیصد سے زائد کمی ہوئی، کراچی میں امن واپس آگیا ہے اور وہاں 95 فیصد جرائم کاخاتمہ ہوگیا، بلوچستان میں تخریب کاروں نے امن کونقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کیں اور وہاں ترقی کی نئی لہرشروع ہوچکی ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب تجربات کا دنیا کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔لندن میں امریکی ملکی نشریاتی ادارے کوانٹرویو سے اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ امریکاکوجنوبی ایشیااورافغانستان کومختلف اندازسےدیکھناہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستان دہشت گردی کےخلاف جنگ امریکی امدادکے لئے نہیں لڑا،یہ جنگ عوام کے تحفظ کے لئے لڑی گئی جس میں 60ہزار جانوں کی قربانی دی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان جغرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے سے جڑے ہیں، افغانستان میں امن کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان اور امریکا مل کرکام کریں، پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو افغانستان میں عدم استحکام کا شکار ہے اور افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، خطے میں امن کیلئے افغان اور پاکستان حکومت کا باہمی تعاون ضروری ہے جبکہ امریکا کوجنوبی ایشیا اور افغانستان کو مختلف انداز سے دیکھنا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کرکام کرنے کوتیار ہے جبکہ پاکستان اورامریکا کے درمیان طویل المدتی تعلقات ہیں، اسی وجہ سے امریکا سے باہمی احترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں کیوں کہ پاکستانی باعزت قوم ہے لیکن پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی توجواب دیاجائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم نے مل کرجنگ لڑی اورنیشنل ایکشن پلان کے ذریعے پوری قوم نے دہشتگردی کونا سور قراردیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اب ایسے مقام پرہے جہاں پرہمیں تیزی سے ترقی کرنی ہے، سمندرپارپاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی سے منسلک ہونا ہوگا، ہم نے بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو آگاہ کردیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے، ہم مختصرعرصے میں بہتر پالیسیوں کے باعث بے پناہ ترقی کی طرف گامزن ہیں۔ ملک میں ترقی کا نیا دور کامیابی سے جاری ہے، توانائی سمیت بحرانوں پرتقریبا قابوپالیا ہے، سرمایہ کاروں کا معیشت پراعتماد بحال کیا ہے، توانائی بحران پرقابوپانے سے ہماری صنعتیں ریکارڈ ترقی کررہی ہیں، زرعی پیداوارمیں بھی خاطرخواہ اضافہ ہورہا ہے۔

2013 میں ملکی معیشت 3 فیصد پرتھی، آج 6 فیصد سے تجاوزکرچکی ہے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے ایڈونچرکے بجائے ترقی کے شعبے میں ساتھ دینا ہوگا، جنوبی ایشیا سے غربت، بے روزگاری اورجہالت کوختم کرنا ہوگا۔ ہمارے ہاں سماجی ترقی کے پیمانے پیچھے رہ گئے جبکہ تنازعات کے باعث جنوبی ایشیا کا افریقا سے بھی پیچھے رہنے کا خدشہ پیدا ہوتا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل میں سب کا فائدہ ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی مقبولیت خود تباہ کی، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) نے ترقیاتی سیاست کا نیا اندازمتعارف کرایا ہے، آج پورے ملک میں پنجاب حکومت کی ترقی کی مثالیں دی جاتی ہیں، خیبرپختونخوا اورکراچی کے لوگ لاہور جیسی ترقی کا مطالبہ کررہے ہیں اور 2018 کے الیکشن میں امید ہے کہ سندھ اورخیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کوعوام ووٹ دیں گےَ۔