قومی اسمبلی اجلاس، سپیکر کی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم گیس انفراسٹرکچر ترقی محصول سے جمع ہونے والے 66 ارب روپے کے استعمال کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت

بدھ 14 فروری 2018 13:50

قومی اسمبلی اجلاس، سپیکر کی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم گیس انفراسٹرکچر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے کہا ہے کہ گیس انفراسٹرکچر ترقی محصول سے اب تک 66 ارب روپے جمع ہوئے ہیں جبکہ سپیکر نے انہیں ہدایت کی ہے کہ اس کے استعمال کی تفصیل فراہم کی جائے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران آسیہ ناز تنولی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے کہا کہ گیس انفراسٹرکچر ترقی محصول (جی آئی ڈی سی) میں 100 فیصد سے 200 فیصد نہیں کیا گیا، جی آئی ڈی سی ایکٹ 2015ء کے تحت منظور کردہ نرخ مئی 2015ء سے اب تک تبدیل نہیں ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ جی آئی ڈی سی کی مد میں اب تک 66 ارب روپے جمع ہوئے ہیں، ان کے مصرف کے بارے میں نیا سوال دیا جائے۔

(جاری ہے)

اس پر سپیکر نے کہا کہ مکمل تیار کر کے آگاہ کریں۔ نعیمہ کشور کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے بتایا کہ ریجنل آفسز کی منظوری اوگرا اپنی پالیسی کے مطابق دیتی ہے، اس وقت موجود دفاتر میں بہتری کی ضرورت ہے، ان کے حلقے میں اربوں روپے کی گیس پائپ لائن اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گی۔

ان کی باقی سکیموں پر بھی کام ہو رہا ہے، ریجنل آفیسرز میں ان کے مسئلے حل کرائیںگے۔ اس دوران ارکان نے جن علاقوں میں گیس نکلتی ہے وہاں کے مضافاتی علاقوں کو گیس کی عدم فراہمی کا معاملہ اٹھایا، اس پر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس سلسلہ پر ممبران کے ساتھ میٹنگ کر لیں۔