آغا طالش کی برسی 19 فروری کو منائی جائے گی

بدھ 14 فروری 2018 13:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ ادا کار آغا طالش کی 20 ویں برسی 19 فروری کو منائی جائے گی۔ آغا طالش کا اصل نام آغا علی عباس قزلباش اور ان کا آبائی وطن مشرقی پنجاب بھارت کا شہر لدھیانہ تھا۔ تقسیم ہند سے قبل ہی انہیں فلموں میں کام کرنے کا شوق ممبئی لے گیا۔ مرحوم کو شعر و ادب سے بھی گہرا شغف تھا۔

(جاری ہے)

ان کی پہلی فلم ’’سرائے کے باہر‘‘ تھی جس کے مصنف کرشن چند تھے۔ آغا طالش نے تقسیم ہند کے بعد پہلے پشاور اور پھر لاہور میں سکونت اختیار کر لی۔ وہ پشاور ریڈیو سے بھی منسلک رہے۔ انہوں نے 400 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ وہ زندگی کے آخری ایام میں سانس کی تکلیف اور جگر کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث 19 فروری 1998ء کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔