خربو زے کی کاشت فروری کے مہینے سے شروع کرنے کی ہدایت

بدھ 14 فروری 2018 13:01

قصور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء)زرعی ماہرین نے صوبے کے تمام علاقوں میں خربو زے کی کاشت فروری کے مہینے سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ خربوزے کی اقسام ٹی۔96اور راوی کو21سے 35ڈگری سنٹی گریڈپر ماہ مارچ کے آخرتک کاشت کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے بتایا کہ خربوزے کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اسے ہر قسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے تاہم اگر زرخیز میرااورپانی کے مناسب نکاس کے نظام پر مشتمل زمین ہو تو خربوزے کی کاشت نہایت ہی موزوں ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خربوے کی کاشت اوربہترفصل کے حصول کیلئے ایک سے ڈیڑھ کلو گرام تک بیج کا استعمال ہی کافی ہوتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ زمین کی تیاری کیلئے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے والے اسکے بعد تین دفعہ ہل پھیرنے اور ہرمرتبہ ڈھیلے توڑنے‘زمین کونرم کرنے وبھربھری بنانے کیلئے سہاگہ بھی چلاناچاہئیے کیونکہ اسکے بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے مشورے سے متوازن کھادوں کا استعمال بھی موثر نتائج کا حامل ہوسکتاہے۔