ترشاوہ پھلوں کی بہتر پیداوار کیلئے کھادوں کا بروقت استعمال کرنے کی ہدایت

بدھ 14 فروری 2018 13:01

قصور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء)محکمہ زراعت کے ماہرین نے باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے کھادوں کا مناسب تناسب اور بروقت استعمال ضروری بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کھادوں کے بہتر استعمال کیلئے زمین اور پانی کاتجزیہ بھی بہت ضروری ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ترشاوہ باغات میں فاسفورس اور پوٹاش کی پوری اورنائٹروجن کی نصف مقدار 15فروری تک ضرور ڈالیں نیزنائٹروجن کی بقیہ نصف مقدار اپریل میں ڈالی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گوبرکی کھاد موسم گرمامیں ڈالنے سے اجتناب کریں کیونکہ یہ حرارت میں اضافہ کا باعث بن کر جڑوں کو نقصان پہنچاتی ہے جس سے پودے کی بڑھوتری رُک جاتی ہے اور پودا سوکھے کا شکار ہوجاتاہے۔ ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ ہماری زمینوں کی پی ایچ تقریباً 8 سے اوپرہے اس لئے تیزابی خاصیت رکھنے والی کھادیں مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوریا اور ڈی اے پی کے علاوہ باقی کھادیں مثلاً سنگل سپرفاسفیٹ استعمال کی جائیں جوکہ فاسفورس کا ذریعہ ہے اور اسکی پی ایچ صرف2ہے اوریہ کلرزدہ زمین کیلئے بہترہے۔