د وران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے لاہور یونیورسٹی کا پروفیسر جاں بحق

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لے لیا‘ سی سی پی او سے رپورٹ طلب

بدھ 14 فروری 2018 12:37

د وران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے لاہور یونیورسٹی کا پروفیسر جاں بحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2018ء) لاہور کے علاقے کلمہ چوک میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جی سی یونیورسٹی لاہورکا پروفیسر جاں بحق ہوگیا‘ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔تفصیلات کے مطابق پروفیسر اکبر چیمہ کو کلمہ چوک پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے لئے روکا،اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، اکبر چیمہ کو دو گولیاں لگیں جس میں ایک ٹانگ پر جبکہ دوسری سینے میں لگی، فائرنگ کے بعد ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

پروفیسر تنظیم اکبر چیمہ کو فوری طور پرزخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا لیکن خون زیادہ بہہ جانے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔ذرائع کے مطابق تنظیم اکبر چیمہ جی سی یونیورسٹی میں شعبہ باٹنی کے پروفیسر تھے۔ مقتول کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔ گلبرگ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کلمہ چوک کے قریب جی سی یونیورسٹی کے پروفیسر کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔